نیشنل ڈیسک: وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ آدی واسیوں نے ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں بہت بڑاکردار ادا کیا ہے ، لیکن کانگریس نے کبھی ان کے تعاون کو تسلیم نہیں کیا اور آزادی کے بعد پارٹی کے 60 سال کے دور حکومت کے دوران انہیں ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا۔ آدی وا سی رہنما بھگوان بیرسا منڈا کی 150 ویں جینتی کے موقع پر گجرات کے نرمدا ضلع کے ڈیڈیاپاڑا شہر میں ایک عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے آدی واسی علاقوں میں طبی سہولیات میں اضافہ کیا ہے اور کھیل کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
اپنے خطاب سے پہلے وزیراعظم نے 9,700 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت کے مختلف بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ مودی نے کہا، ہمارے ملک کی آزادی کی جدوجہد میں آدی واسیوں کا بہت بڑا تعاون رہا ہے۔ لیکن کانگریس نے اپنے 60 سال کے دورِ حکومت میں آدی واسیوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا، ہم نے آدی واسی علاقوں میں طبی سہولیات بڑھا دی ہیں کیونکہ انہیں 'سِکل سیل انیمیا' کا خطرہ ہے۔ وزیراعظم نے قبائلی علاقوں میں کھیل کی بنیادی سہولیات کو فروغ دینے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی خاتون ٹیم میں ایک آدی واسی کھلاڑی بھی تھی۔