Latest News

ٹرمپ کی مسلم اکثریتی ملک کو دھمکی - عیسائیوں پر ظلم بند نہیں ہوا تو اسلامی دہشت گردوں کا کردیں گے صفایا، فوراً روک دیں گے تمام امداد

ٹرمپ کی مسلم اکثریتی ملک کو دھمکی - عیسائیوں پر ظلم بند نہیں ہوا تو اسلامی دہشت گردوں کا کردیں گے صفایا، فوراً روک دیں گے تمام امداد

واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مسلم اکثریتی ملک نائجیریا پر عیسائیوں پرمظالم کی وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام رہنے کا ایک بار پھر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی وزارتِ جنگ کو مغربی افریقی ملک میں ممکنہ فوجی کارروائی کی منصوبہ بندی کا حکم دیا ہے۔ صدر نے یہ انتباہ بھی دیا کہ وہ نائجیریا کو دی جانے والی تمام امداد اور تعاون فوراً بند کر دیں گے۔ ٹرمپ نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پر لکھا، اگر نائجیریا کی حکومت عیسائیوں کوقتل ہونے دیتی ہے تو امریکہ نائجیریا کو دی جانے والی تمام امداد فوراً روک دے گا اور ہو سکتا ہے کہ وہ اس ملک میں جا کر، بندوقیں تان کر، ان اسلامی دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر دے جو یہ بھیانک ظلم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، میں اپنی وزارتِ جنگ کو ممکنہ کارروائی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دے رہا ہوں۔ اگر ہم حملہ کریں گے تو وہ تیز، ظالمانہ اور شدید ہوگا، بالکل ویسا ہی جیسا دہشت گرد ہمارے پیارے عیسائیوں پر کرتے ہیں۔ ایئر فورس ون میں سوار ٹرمپ سے اتوار کو جب صحافیوں نے پوچھا کہ کیا اس کا مطلب نائجیریا میں امریکی فوج بھیجنا یا فضائی حملہ کرنا ہو سکتا ہے، تو ٹرمپ نے کہا، ہو سکتا ہے۔ وہ عیسائیوں کو مار رہے ہیں اور بہت بڑی تعداد میں مار رہے ہیں۔ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ اس سے پہلے ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ عیسائیوں پر مظالم پر قابو پانے میں مبینہ طور پر ناکام رہنے کے باعث مغربی افریقی ملک کو خصوصی تشویش کا ملک قرار دے رہے ہیں۔ نائجیریا کے صدر بولا احمد تینوبو نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔
 



Comments


Scroll to Top