National News

سی آر ایس رپورٹ میں دعویٰ: امریکہ بن رہا ہے ہندوستانیوں کی پہلی پسند، سال 2022 میں تقریباً 66 ہزار ہندوستانیوں کو ملی شہریت

سی آر ایس رپورٹ میں دعویٰ: امریکہ بن رہا ہے ہندوستانیوں کی پہلی پسند، سال 2022 میں تقریباً 66 ہزار ہندوستانیوں کو ملی شہریت

واشنگٹن: سال 2022 میں کم از کم 65,960 ہندوستانی سرکاری طور پر امریکی شہری بن گئے اور اس کے ساتھ ہی ہندوستان امریکی شہریت حاصل کرنے والے ممالک کے لوگوں کی تعداد کے لحاظ سے میکسیکو کے بعد دوسرے نمبر پر آگیا۔ امریکی مردم شماری بیورو کے امریکن کمیونٹی سروے کے اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں ایک اندازے کے مطابق 46 ملین غیر ملکی نژاد افراد امریکہ میں مقیم تھے جو کہ 333 ملین امریکی آبادی کا تقریباً 14 فیصد ہے۔ آزاد کانگریشنل ریسرچ سروس (CRS) کی 15 اپریل کو امریکی نیچرلائزیشن پالیسی برائے مالی سال 2022 کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، مالی سال 2022 میں 9,69,380 افراد امریکی شہری بنے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی شہریت حاصل کرنے والے میکسیکو میں پیدا ہونے والے افراد کی تعداد سب سے زیادہ رہی ہے۔ اس کے بعد ہندوستان، فلپائن، کیوبا اور ڈومینیکن ریپبلک سے سب سے زیادہ لوگوں کو امریکی شہریت ملی۔ CRS نے رپورٹ کیا کہ 2022 میں میکسیکن کے 1,28,878 شہری امریکی شہری بنے۔ ان کے بعد ہندوستان (65,960)، فلپائن (53,413)، کیوبا (46,913)، ڈومینیکن ریپبلک (34,525)، ویتنام (33,246) اور چین (27,038) کو امریکی شہریت ملی۔

انہوں نے کہا کہ 2023 تک، غیر ملکی نژاد امریکی شہریوں میں ہندوستان کے لوگوں کی تعداد 2,831,330 تھی، جو میکسیکو (10,638,429) کے بعد دوسری سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے بعد چین (2,225,447) اس فہرست میں اگلے نمبر پر ہے۔ CRS رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکہ میں رہنے والے ہندوستانی نڑاد غیر ملکی شہریوں میں سے تقریباً 42 فیصد فی الحال امریکی شہری بننے کے لیے نااہل ہیں۔
 



Comments


Scroll to Top