دہررادون: اتراکھنڈ کے کیدارناتھ دھام میں اتوار کی صبح ایک بار پھر بڑا حادثہ ہوگیا۔ کیدارناتھ کے راستے پر عقیدت مندوں کو لے جا رہا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں پائلٹ سمیت کل 7 افراد سوار تھے اور تمام افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جارہاہے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ حادثہ گوری کنڈ اور تریجوگینرائن کے درمیان پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہوا ہیلی کاپٹر آرین کمپنی کا بتایا جاتا ہے۔ خراب موسم کو حادثے کی بڑی وجہ سمجھا جا رہا ہے۔ اتراکھنڈ کے اے ڈی جی لا اینڈ آرڈر ڈاکٹر وی مروگیشن نے کہا کہ یہ ہیلی کاپٹر دہرادون سے کیدارناتھ جا رہا تھا، لیکن گوری کنڈ کے قریب لاپتہ ہو گیا۔ اس کے بعد خبر آئی کہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
پہلے بھی ہو چکے ہیں حادثے
غور طلب ہے کہ اس سال چاردھام یاترا کے دوران کئی بار ہیلی کاپٹر کے حادثے ہو چکے ہیں۔ کچھ ہیلی کاپٹروں کی ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔ سڑک کے بیچوں بیچ ہیلی کاپٹر کے کریش لینڈنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔ سفر شروع ہوتے ہی ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس میں کئی لوگوں کی موت ہو گئی۔ ان واقعات نے مسافروں کی حفاظت پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
کم کیے گئے ہیں ہیلی کاپٹر کے پھیرے
متواتر حادثات کے پیش نظر شہری ہوابازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (DGCA) نے کیدارناتھ روٹ پر ہیلی کاپٹر سروس کے سفر کی تعداد کم کردی ہے۔ پہلے جہاں روزانہ 200 سے 250 ٹرپ ہوتے تھے اب ان میں 60 کی کمی کر دی گئی ہے۔ اب گپت کاشی سے ہیلی کاپٹر گھنٹے میں صرف دو بار ہی پرواز کر سکیں گے۔ مجموعی طور پر 8 گھنٹے میں صرف 16 پروازیں چلائی جائیں گی۔ ڈی جی سی اے نے اس روٹ پر سخت قوانین نافذ کیے ہیں تاکہ مزید کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔
تحقیقات کے احکامات اور آگے کی کارروائی
حادثے کے بعد انتظامیہ نے راحت اور بچاو کام شروع کر دیا ہے۔ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہیں اور ہیلی کاپٹر گرنے کی اصل وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ مسافروں اور پائلٹ کے اہل خانہ کو حادثے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔