چھ سال کی بچی سے آبروریزی اور قتل کے مشہور معاملے میں فیصلہ سناتے ہوئے ہنومان گڑھ کی پاکسو کورٹ نے مجرم ہیمنت سونی کو عمر قید اور اس کی ماں کانتا سونی جس نے اس گھناؤنے جرم میں اس کا ساتھ دیا کو 5 سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔
جج مسرور عالم خان نے بدھ کو دونوں کو مجرم قرار دیا تھا اور آج مجرم ہیمنت سونی کو تین مختلف دفعات میں باقی زندگی تک عمر قید اور 25 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ۔عدالت کے مخصوص پبلک پراسیکیوٹر ونود ڈوڈی کے مطابق واقعہ سری گنگا نگر ضلع کے سادل شہر کا ہے، جہاں 22 دسمبر 2015 کو ہیمنت سونی نے پڑوس کی 6 سال کی بچی کو گھر لے جا کر اس کی آبرو ریزی کی اور دوپٹے سے اس کا گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد لاش کو کولر میں چھپا دیا تھا۔

اس کے بعد پولیس اور بچی کے اہل خانہ کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے ہیمنت سونی ان کے ساتھ ہی بچی کو ڈھونڈنے کا ڈرامہ کرتا رہا۔وہیں ہیمنت کی ماں نے بچی کی لاش کو گھر میں ہی دفن کی کوشش کی تھی۔اس کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج میں واقعہ کا انکشاف ہوا جس کے بعد عوام میں غم و غصہ پھیل گیا اور ضلع بار یونین سری گنگا نگر کی جانب سے اس معاملے میں ہیمنت سونی اور اس کی ماں کی پیروی کرنے سے انکار دیا تھا۔ جس کے بعد ہائی کورٹ کی ہدایات پر معاملہ سری گنگا نگر ضلع سے ہنومان گڑھ ضلع میں ٹرانسفر ہوا تھا۔ اس معاملے میں پیروی کر رہے وکیل نے ہیمنت سونی کے لئے سزائے موت کا مطالبہ رکھا تھا، مگر عدالت نے ہیمنت سونی کو موت تک عمر قید کی سزا سنائی۔