انٹرنیشنل ڈیسک: شمالی غزہ میں منگل کی درمیانی شب اور بدھ کی علی الصبح گھروں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 22 بچوں سمیت کم از کم 60 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ مقامی ہسپتالوں نے یہ جانکاری دی۔ جبالیہ میں انڈونیشیا کے ہسپتال کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہوئے۔ یہ حملے حماس کی جانب سے امریکی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے تحت ایک اسرائیلی نژاد امریکی یرغمالی کو رہا کرنے کے ایک دن بعد ہوئے ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے منگل کو کہا کہ اسرائیل کے غزہ میں جنگ روکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
نیتن یاہو کے اس بیان کے ساتھ ہی جنگ بندی کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں۔ اسرائیلی فوج نے ان حملوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ تاہم، فوج نے منگل کو دیر گئے جبالیہ کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کر نے کی وارننگ دی تھی ، جہاں راکٹ لانچر سمیت حماس کا بنیادی ڈھانچہ موجود ہے۔منگل کو نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں، وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیلی فوج وعدے کے مطابق افواج کی تعداد بڑھانے سے صرف چند دن دور ہے اور وہ حماس کو تباہ کرنے کے "مشن کو مکمل کرنے" کے لیے بڑی طاقت کے ساتھ غزہ میں داخل ہوں گے۔