Latest News

چھٹیوں کی مستی ماتم میں بدلی، امریکہ میں ہندوستانی نژاد طالب علم کی پر اسرار موت

چھٹیوں کی مستی ماتم میں بدلی، امریکہ میں ہندوستانی نژاد طالب علم کی پر اسرار موت

نیو یارک: امریکہ میں ایک ہندوستانی نژاد طالب علم اپنی گریجویشن مکمل کرنے سے چند دن قبل ہی بہاماس میں ہوٹل کی بالکونی سے حادثاتی طور پر گر کر ہلاک ہوگیا۔ گورو جے سنگھ میساچوسٹس کے والتھم میں بینٹلے یونیورسٹی کا طالب علم تھا اور کالج کے طلبا کے ساتھ سالانہ ٹرپ کے لیے بہاماس گیا تھا۔ اسی دوران اتوار کو ان کا انتقال ہوگیا۔ جے سنگھ اس ہفتے کے آخر میں اپنی گریجویشن مکمل کرنے والا تھا۔
بینٹلے یونیورسٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ میں کہا کہ گزشتہ کچھ دن بہت مشکل رہے اور ہماری کمیونٹی گورو جے سنگھ (25) کی موت سے بہت غمزدہ ہے۔ ہماری تعزیت گورو کے خاندان اور دوستوں کے ساتھ ہے۔ ہم 17 مئی کو ہونے والے اپنے گریجویشن کانووکیشن میں گورو کو اعزاز دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اے بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق،بینٹلے یونیورسٹی نے ایک بیان میں کہا کہ   ہماری گہری تعزیت گورو کے خاندان، دوستوں اور چاہنے والوں کے ساتھ ہے ۔ مقامی حکام تحقیقات کر رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ گورو غلطی سے بالکونی سے گر گیا تھا۔ اس میں کہا گیا کہ ہم ان کے خاندان کی رازداری کا احترام کرتے ہوئے متعلقہ معلومات کا اشتراک کریں گے۔ یہ ہماری کمیونٹی کے لیے ایک بہت بڑا المیہ ہے۔ 
اے بی سی نیوز نے رپورٹ کیا کہ جے سنگھ میساچوسٹس  کے شروزبری کا رہنے والا تھا اور ڈیلٹا سگما پائی برادری کے ساتھ ساتھ ادارے کی ساؤتھ ایشین اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کا رکن تھا۔ رائل بہاماس پولیس فورس نے ایک بیان میں کہا کہ 11 مئی کو پولیس نے پیراڈائز آئی لینڈ پر ایک شخص کی موت کی تحقیقات کا آغاز کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، پولیس نے بتایا کہ طالب علم رات 10 بجے کے قریب اپنے ہوٹل کے کمرے میں دیگر طلبا ء کے ساتھ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ غالبا بالکونی سے حادثاتی طور پر گرا تھا اور نچلی منزل پر بے ہوش پایا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ اسے ہسپتال لے جایا جا رہا تھا لیکن راستے میں ہی اس کی موت ہو گئی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
 



Comments


Scroll to Top