نیویارک: امریکہ میں اٹھاون سالہ ایک ہندوستانی شہری کو کنٹرول شدہ ہوابازی کے پرزہ جات کی او ریگن سے روس تک غیر قانونی برآمد کی سازش رچنے کے معاملے میں ڈھائی سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس ہفتے کے آغاز میں سنائے گئے فیصلے میں او ریگن کے امریکی اٹارنی اسکاٹ بریڈفورڈ نے کہا کہ سنجے کوشک کے اقدامات جان بوجھ کر کیے گئے اور منافع کے مقصد سے متاثر تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بار بار ہونے والے لین دین، بھاری منافع اور پابندیوں کا شکار روسی اداروں سمیت غیر ملکی شریک سازشیوں کے ساتھ تال میل پر مبنی ایک منظم اور منافع پر مبنی منصوبہ تھا۔ اس ملزم نے کئی مواقع پر امریکی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے لیے اہم حفاظتی اقدامات کو اپنے ذاتی فائدے کے لیے کمزور کرنے کی کوشش کی۔
عدالت نے دہلی کے رہائشی کوشک کو برآمدی کنٹرول اصلاحات ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کنٹرول شدہ ہوابازی کے پرزہ جات اور نیویگیشن و فلائٹ کنٹرول نظام روس میں آخری صارفین کو برآمد کرنے کی سازش کے جرم میں30ماہ کی وفاقی قید اور چھتیس ماہ نگرانی میں رکھنے کی سزا سنائی۔ قومی سلامتی کے لیے معاون اٹارنی جنرل جان آئزنبرگ نے کہا کہ جو لوگ امریکی برآمدی کنٹرول قوانین سے بچنے کی سازش رچتے ہیں، خاص طور پر جب اس میں فوجی استعمال کی ٹیکنالوجی شامل ہو، تو ان پر سخت قوانین کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق ستمبر2023 کے آغاز سے کوشک نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر روسی اداروں کے لیے امریکہ سے ایرو اسپیس سامان اور ٹیکنالوجی غیر قانونی طور پر حاصل کرنے کی سازش کی۔ محکمہ انصاف کے مطابق ان اشیا کو اس بہانے خریدا گیا کہ وہ کوشک اور اس کی ہندوستان کمپنی کے لیے ہیں، جبکہ حقیقت میں انہیں روس میں آخری صارفین کو بھیجا جانا تھا۔ کوشک نے روس میں آخری صارفین کو شہری اور فوجی دونوں طرح کے استعمال والے برآمدی کنٹرول کے تحت آنے والے ہوابازی کے پرزہ جات فروخت کرنے کی سازش کے ایک الزام میں گزشتہ سال اکتوبر میں اپنے جرم کا اعتراف کر لیا تھا۔