National News

لندن میں خالصتانی حامیوں کے خلاف متحدہ ہوئے ہندوستانی، حب الوطنی کے گانوں پر جم کر جھومے

لندن میں خالصتانی حامیوں کے خلاف متحدہ ہوئے ہندوستانی، حب الوطنی کے گانوں پر جم کر جھومے

لندن : لندن میں ہندوستانی ترنگے کی توہین کے معاملے پر لوگوں کا غصہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ خالصتانی حامیوں نے امرت پال سنگھ کی حمایت میں لندن میں ہندوستانی  ہائی کمیشن پر دھاوا بول دیا اور ہندوستانی ترنگا گرا کر اس کی توہین کی تھی۔ خالصتانی حامیوں کی اس حرکت کے خلاف اب بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں نے متحد ہو کر اپنا احتجاج درج کرایا ہے۔ تاہم اس دوران کوئی نعرہ بازی یا کسی قسم کا تشدد نہیں ہوا۔ بلکہ پرامن انداز میں گانا اور رقص کرکے وطن سے  اپنی محبت کا اظہار کیا گیا۔
جانکاری کے مطابق، منگل کو ہندوستانی تارکین وطن  کمیونٹی کے بہت سے لوگ ترنگے کے ساتھ ہندوستانی ہائی کمیشن کے باہر جمع ہوئے اور ہندوستانی پرچم کی توہین کے خلاف احتجاج کیا۔ اس دوران حب الوطنی کے گیت بھی بجائے گئے اور ان پر رقص بھی کیا گیا۔ اس دوران برطانوی پولیس کو بھی ہندوستانی حامیوں کے ساتھ حب الوطنی کے گانوں پر رقص کرتے دیکھا گیا۔ اس کی دو ویڈیوز بھی منظر عام پر آئی ہیں۔
بتادیں کہ یہ پورا معاملہ خالصتانی حامی اور وارث پنجاب دے کے سربراہ امرت پال سنگھ کے خلاف پنجاب پولیس کی کارروائی سے جڑا ہوا ہے۔ جیسے ہی یہ خبر پھیلی، اس کے ساتھ ہی امرت پال سنگھ کی گرفتاری کی افواہ بھی پھیل گئی، جس کے بعد بیرون ملک خالصتانی حامیوں نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔ لندن میں ہندوستانی ہائی کمیشن میں ترنگے کی توہین بھی اسی ہنگامے کی ایک کڑی تھی۔
امرت پال سنگھ پچھلے 4 دنوں سے مفرور ہے اور پولیس اس کی تلاش کر رہی ہے۔ تلاشی کے دوران پولیس کو اس کی دونوں کاریں مل گئیں جس میں وہ فرار ہو گیا۔ امرت پال سنگھ پولیس کو چکمہ دینے کے لیے مسلسل گاڑی بدل رہا ہے۔ اسے آخری بار بائیک پر فرار ہوتے دیکھا گیا تھا۔ پولیس نے پنجاب کے عوام سے بھی اس معاملے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔



Comments


Scroll to Top