واشنگٹن: ہندوستانی نژاد امریکیوں نے احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارہ حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ تارکین وطن کی کمیونٹی میں بہت سے لوگوں کے لیے یہ سانحہ سات سمندر پار صرف ایک خبر کی سرخی نہیں بلکہ ذاتی نقصان ہے۔ انڈو امریکن چیمبر آف کامرس آف گریٹر ہیوسٹن کے بانی سکریٹری جگدیپ اہلووالیہ نے کہا کہ 'اس سانحے کے زخم بہت گہرے ہیں'۔ انہو ںنے کہا کہ میں نے ہیوسٹن اور گجرات کے درمیان کاروباری تعلقات استوار کرنے میں مدد کے لیے پچھلے سال احمد آباد کا سفر کیا۔ ہماری تعزیت سوگوار خاندانوں اور متاثرہ افراد کے ساتھ ہے۔
ہیوسٹن میں گجرات سے تعلق رکھنے والے ہندوستانیوں کی بڑی آبادی ہے۔ مختلف شعبوں میں کام کرنے والے پیشہ ور افراد نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ احمد آباد میں پلے بڑھے اور بعد میں ہیوسٹن میں بطور ڈاکٹر پریکٹس کرنے والے ڈاکٹر پٹیل نے کہا، یہ ایک انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ واقعہ ہے۔ میں نے وہاں (احمد آباد)طب کی تعلیم حاصل کی۔ تمام 242 مسافروں اور ان کے اہل خانہ سے میری تعزیت۔
ناسا کی سابق انجینئر اور مقامی وکیل ڈاکٹر وینا امبردار نے کہا کہ اس واقعے نے پوری کمیونٹی کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ہیوسٹن میں ہر وہ شخص جو احمد آباد سے اپنے خاندان، دوستوں یا ماضی سفر کے ذریعہ جڑا ہوا ہے اس واقعے سے غمزدہ ہے۔ ہماری تعزیت ہر غمزدہ خاندان اور طبی ٹیموں کے ساتھ ہے جو چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہے۔ ہندو امریکن فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سہاگ شکلا نے کہا، احمد آباد میں یہ سانحہ دل دہلا دینے والا ہے۔ ہم مسافروں کے اہل خانہ، میڈیکل کے طلبا ء کے لیے دعاگو ہیں۔