Latest News

جموں- کشمیر میں ہندوستان کی سب سے لمبی اور چیلنجنگ ریلوے سرنگ شروع

جموں- کشمیر میں ہندوستان کی سب سے لمبی اور چیلنجنگ ریلوے سرنگ شروع

سری نگر: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک (یو ایس بی آر ایل)پر ملک کی سب سے طویل ریلوے سرنگ کا افتتاح کیا اور وادی کشمیر کی پہلی برقی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ریلوے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی جموں میں موجود تھے اور انہوں نے بیک وقت دو برقی ٹرینوں کو ڈیجیٹل طور پر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا -  جن میںایک سری نگر سے سنگلدان تک  اور دوسری سنگلدان سے سری نگر تک چلے گی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے  48.1 کلومیٹر طویل بانہال-کھاری-سمبر-سنگلدان کھنڈ کا بھی افتتاح کیا۔
اہلکار نے بتایا کہ اس کھنڈ پر یہ  سب سے لمبی سرنگ ہے، جو 12.77 کلومیٹر لمبی ہے اور اسے 'T-50' کے نام سے جانا جاتا ہے۔ شمالی ریلوے کے مطابق اب یہ ٹرین بارہمولہ سے بانہال کے راستے سنگلدان تک چل سکتی ہے ، جو پہلے  آخری منزل اسٹیشن یا شروعاتی اسٹیشن ہوا کرتا تھا۔  'T-50' کو بانہال-کھاری-سمبر-سنگلدان سیکشن پر 11 سرنگوں میں سب سے زیادہ چیلنج سمجھا جاتا ہے۔ منصوبے سے وابستہ ریلوے حکام کے مطابق ٹنل پر کام 2010 کے قریب شروع ہوا اور اسے آپریشنل ہونے میں تقریبا 14 سال لگے۔
ایک اہلکار نے کہا کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے سرنگ کے اندر تمام حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مسافروں کو نکالنے کے لیے 'T-50' کے متوازی ایک 'ریسکیو ٹنل' بنائی گئی ہے۔ آگ لگنے کے واقعے سے نمٹنے کے لیے ٹنل کے دونوں طرف پانی کے پائپ بچھائے گئے ہیں،  اور  ہر 375 میٹر پر ایک والو لگایا گیا ہے  تاکہ آگ بجھانے کے لیے ٹرین پر دونوں طرف سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر لمبی سرنگوں کے لیے  بچاؤ کی سرنگیں بھی بنائی گئی ہیں۔
 



Comments


Scroll to Top