بزنس ڈیسک: ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 9 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے میں 4.55 بلین ڈالر اضافے کے ساتھ 690.62 بلین ڈالر تک پہنچ گئے۔ زرمبادلہ کے کل ذخائر میں اضافہ بنیادی طور پر سونے کے ذخائر میں اضافے کی وجہ سے ہوا ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا(آر بی آئی)نے جمعہ کو یہ جانکاری دی۔ ایک ہفتہ قبل زرمبادلہ کے کل ذخائر 2.06 بلین ڈالر کم ہو کر 686.06 بلین ڈالر رہ گئے تھے۔ ستمبر 2024 کے آخر میں زرمبادلہ کے ذخائر 704.89 بلین ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے تھے۔
ریزرو بینک کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی کرنسی کے اثاثے، جو کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا ایک بڑا حصہ ہیں، 9 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے میں 196 ملین ڈالر کے اضافے سے 581.37 بلین ڈالر ہو گئے۔ ڈالر کے لحاظ سے بیان کردہ غیر ملکی کرنسی کے اثاثوں میں غیرملکی کرنسیوں کے زرمبادلہ کے ذخائر میں رکھے گئے یورو، پاؤنڈ اور یین جیسی غیر امریکی کرنسیوں کی قدر گھٹنے بڑھنے کے اثرات شامل ہوسکتے ہیں۔
زیر نظر ہفتے کے دوران سونے کے ذخائر کی مالیت 4.52 بلین ڈالر بڑھ کر 86.34 بلین ڈالر ہو گئی۔ خصوصی ڈرائنگ رائٹس (SDR) 26 ملین ڈالر کم ہو کر 18.53 بلین ڈالر رہ گیا۔ مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے ساتھ ہندوستان کی ریزرو پوزیشن بھی زیر جائزہ ہفتے کے دوران 134 ملین ڈالر کم ہوکر 4.37 بلین ڈالر رہ گئی۔