انٹر نیشنل ڈیسک : دنیا رازوں اور انوکھی روایات سے بھری ہوئی ہے۔ کچھ ممالک کے قوانین اور رواج اتنے عجیب ہوتے ہیں کہ پہلی بار سننے پر یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ آئیے جانتے ہیں دنیا کے ایسے ہی پانچ حیرت انگیز اصولوں کے بارے میں جو آپ کو حیران کر دیں گے۔ جاپان میں اب آنسو پونچھنے کے لیے کرائے پر ہینڈسم (خوبصورت ) لڑکے دستیاب ہیں۔
1 .جاپان: غم بانٹنے کے لیے کرائے پر ملتے ہیں ہینڈسم لڑکے
جاپان اپنی انوکھی خدمات کے لیے جانا جاتا ہے۔ وہاں 'اکیمیسو ڈانکشی ' نامی ایک سروس ہے جہاں لوگ رونے یا اپنا غم ہلکا کرنے کے لیے ہینڈسم لڑکوں کو کرائے پر لے سکتے ہیں۔ یہ لڑکے آپ کے پاس آ کر آپ کے آنسو پونچھتے ہیں اور پیار سے باتیں کر کے آپ کا تناؤ کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

2 . اسپین: معصوم بچوں کے اوپر سے کودنے کا انوکھا تہوار
اسپین میں' ال کولاچو' (El Colacho) نام کا ایک قدیم تہوار منایا جاتا ہے۔ اس میں کچھ مرد شیطان کا بھیس بنا کر سڑک پر بچھائے گئے گدوں پر لیٹے ہوئے نوزائیدہ بچوں کے اوپر سے چھلانگ لگاتے ہیں۔ وہاں کے لوگوں کا ماننا ہے کہ ایسا کرنے سے بچوں کے تمام گناہ دھل جاتے ہیں اور وہ بیماریوں اور بری روحوں سے محفوظ رہتے ہیں۔
3 . ڈنمارک: پچیس برس کی عمر تک غیر شادی شدہ رہے تو دارچینی کی سزا
ہندوستان میں 25 سے 30 برس کی عمر میں شادی نہ ہونا عام بات ہے لیکن ڈنمارک میں یہ مہنگا پڑ سکتا ہے۔ وہاں اگر کوئی شخص 25 برس کا ہو جائے اور اس کی شادی نہ ہوئی ہو تو اس کے دوست اور گھر والے اسے کھمبے سے باندھ کر اس پر دارچینی پھینکتے ہیں۔ یہ ایک پرانی روایت ہے جو آج بھی مذاق اور تفریح کے طور پر نبھائی جاتی ہے۔

4 . فن لینڈ: شدید گرمی میں دیر تک بیٹھنے کی جنگ
فن لینڈ میں 'ورلڈ سانا اینڈیورینس چیمپئن شپ ' (World Sauna Endurance Championship)منعقد کی جاتی تھی۔ اس میں مقابلہ کرنے والوں کو ایک سو دس ڈگری سینٹی گریڈ کے انتہائی گرم سانا کے اندر بیٹھنا ہوتا تھا۔ جو شخص سب سے زیادہ دیر تک اس شدید گرمی کو برداشت کر لیتا تھا وہی فاتح بنتا تھا۔ تاہم اس مقابلے کو صحت کے لیے کافی خطرناک سمجھا جاتا ہے۔

5 . جنوبی کوریا: سرخ سیاہی سے لکھنا مطلب ' موت ' کا اشارہ
جنوبی کوریا میں سرخ رنگ کی سیاہی (Red Ink)کا استعمال بہت بڑا بدشگون سمجھا جاتا ہے۔ وہاں یہ عقیدہ ہے کہ سرخ رنگ سے کسی کا نام لکھنا اس بات کی علامت ہے کہ وہ شخص مر چکا ہے یا آپ اس کی موت کی خواہش رکھتے ہیں۔ اسی وجہ سے وہاں اسکولوں اور دفاتر میں سرخ قلم کے استعمال سے گریز کیا جاتا ہے۔