گورکھپور: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کے روز کہا کہ ان کی حکومت نے یہ یقینی بنایا ہے کہ خواتین خوف سے پاک ماحول میں تعلیمی اداروں اور بازار جا سکیں، اور خبردار کیا کہ اگر کسی غنڈے نے جرأت کی تو اگلے چوراہے پر اس کی ملاقات یمراج سے ہوگی۔ گورکھپور مہوتسو سے خطاب کرتے ہوئے آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ان کی حکومت نے ہر نوجوان کو روزگار، کسان کو عزت اور ہر تاجر و صنعت کار کو خوف سے پاک ماحول فراہم کیا ہے۔
اگر غنڈے نے جرأت کی تو اگلے چوراہے پر یمراج ملے گا
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے یہ یقینی بنایا ہے کہ لڑکیاں خوف سے پاک ماحول میں اسکول، کالج اور بازار جا سکیں اور ہنستے ہوئے آگے بڑھیں۔ انہوں نے خبردار کیا، اگر کسی غنڈے نے جرأت کی تو اس غنڈے کے لیے اگلے چوراہے پر یمراج اس کا ٹکٹ کاٹنے کے لیے ضرور بیٹھا ہوگا۔ آدتیہ ناتھ نے گورکھپور میں جاپانی انسیفیلائٹس یعنی دماغی بخار کی بیماری کے بارے میں کہا کہ جو کام ریاست کی پچھلی حکومتیں نہیں کر سکیں، ان کی حکومت نے محض دو سال میں کر دکھایا اور اس بیماری کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر دیا۔
2017 سے پہلے کا گورکھپور غیر محفوظ تھا
انہوں نے کہا کہ جب آج کے گورکھپور کا موازنہ 2017 سے پہلے کے گورکھپور سے کریں گے تو زمین آسمان کا فرق نظر آئے گا۔ 2017 سے پہلے کا گورکھپور نظر انداز شدہ اور غیر محفوظ تھا۔ جس طرح پوری ریاست میں بے چینی تھی، ویسی ہی حالت گورکھپور کی بھی تھی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ یہاں غنڈہ گردی، بدمعاشوں کی جانب سے زبردستی وصولی، گندگی، ترقی کی کمی، بجلی کی قلت اور انسیفیلائٹس جیسی بیماریاں پھیلی ہوئی تھیں۔
مچھر اور مافیا ایک دوسرے کے تکمیلی تھے
انہوں نے دعوی کیا کہ مچھر اور مافیا ایک دوسرے کے تکمیلی تھے۔ آدتیہ ناتھ نے کہا کہ جب سماج صفائی کے تئیں بیدار نہیں ہوتا، چاہے وہ دیہات، قصبوں اور شہروں کی صفائی ہو یا سماجی صفائی، تو اسے خود اس کے منفی نتائج بھگتنے پڑتے ہیں۔ سابقہ حکومتوں کے دور میں فسادات، لوٹ مار اور بدامنی ہونے کا دعوی کرتے ہوئے آدتیہ ناتھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی ڈبل انجن حکومت نے گورکھپور سمیت پورے پوروانچل کی کایا پلٹ کے لیے جو مہم چلائی، اس کے نتائج آج زمینی سطح پر دیکھے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورکھپور میں گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران ہزاروں کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی ہے اور50 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار ملا ہے۔