Latest News

انڈیا اتحاد والے ای وی ایم کے حوالے سے گالیاں دینے لگیں تو مطلب واضح ہے کہ این ڈی اے کی کامیابی کا ایگزٹ پول آ گیا: مودی

انڈیا اتحاد والے ای وی ایم کے حوالے سے گالیاں دینے لگیں تو مطلب واضح ہے کہ این ڈی اے کی کامیابی کا ایگزٹ پول آ گیا: مودی

پٹنہ:  وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اگر انڈیا اتحاد والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کو لے کر گالیاں دینے لگے تو مطلب واضح ہے کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی کامیابی کا ایگزٹ پول آ گیا ہے۔
ہفتہ کو پاٹلی پتر لوک سبھا حلقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار رام کرپال یادو کے حق میں مجمع سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ جیسے ہی انڈیا  اتحاد کے لیڈروں نے ای وی ایم کو لے کر گالیاں دینی شروع کی تو مطلب صاف ہوگیا کہ این ڈی اے کا ایگزٹ پول آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4 جون کو ملک میں ایک نیا ریکارڈ قائم ہوگا اور اس کا کریڈٹ بی جے پی کارکنوں کو جاتا ہے جنہوں نے پارٹی کی کامیابی کے لئے سخت محنت کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کے کونے کونے سے لوگوں کی آواز اور اعتماد ایک بار پھر مودی کی حکومت بنانے کے حق میں ہے۔
وزیر اعظم نے ریلی میں جمع ہونے والی بھیڑ سے 4 جون کے جشن کے لئے منیر کے مشہور لڈو تیار رکھنے کو کہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ لوگ اس طاقتور مٹھائی کو کھاکر یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب یا تو مودی جیسے محنتی لیڈر کو چننے کے لیے ہے، جو 2047 تک خود انحصار جدید اور محفوظ ہندوستان کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہا ہے، یا پھر انڈیا اتحاد کے غیر فعال رہنماؤں کو منتخب کرنا ہے، جن میں سے کچھ جیل میں آرام کررہے ہیں یا کچھ ضمانت پر چھٹیوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ ان کا واحد کام مودی کو گالی دینا اور اپنے ووٹ بینک کو خوش کرنا ہے۔ 
مسٹر مودی نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایل ای ڈی بلب کے دور میں یہ لالٹین کے ساتھ چل رہا ہے، جو صرف ایک خاص گھر کو روشن کرنے کے قابل ہے۔ اس نے 30 برسوں تک صرف ایک ہی گھر کو روشن کیا جب کہ دوسرے گھروں کو اندھیرے میں رہنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے صرف اپنے خاندان کو ہی فروغ دینے کے لئے  آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ یادووں کے نام پر انہوں نے صرف اپنے خاندان کے افراد کی ترقی کی اور دوسرے یادووں کی ترقی میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔



Comments


Scroll to Top