واشنگٹن: امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ملاقات بہت مثبت رہی تاہم ایران سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ دونوں رہنماوں کے درمیان نہایت اچھی اور تعمیری گفتگو ہوئی ہے اور دوطرفہ شاندار تعلقات بدستور قائم ہیں رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ سے نیتن یاہو کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں اسرائیلی وزیراعظم کے کئی نمائندے بھی موجود تھے ملاقات میں ایران کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ملاقات میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ کوئی معاہدہ طے پا سکتا ہے یا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کو واضح کر دیا گیا ہے کہ اگر معاہدہ ممکن ہوا تو یہی ہماری ترجیح ہوگی لیکن اگر معاہدہ نہ ہوسکا تو پھر نتائج کا انتظار کرنا ہوگا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ماضی میں ایران نے معاہدہ نہ کرنے کے فیصلے کو بہتر سمجھا تھا، جس کے بعد مڈنائٹ ہیمر حملہ کیا گیا ان کے مطابق یہ حملہ ایران کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ اس بار ایران زیادہ معقول اور ذمہ دار رویہ اختیار کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملاقات میں غزہ اور مجموعی طور پر مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔