Latest News

امریکی دھمکیوں کے درمیان عراقچی کا بڑا بیان، ایران نے کبھی جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کی

امریکی دھمکیوں کے درمیان عراقچی کا بڑا بیان، ایران نے کبھی جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کی

انٹرنیشنل ڈیسک: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ ایران نے کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی اس کا ایسا کرنے کا کوئی ارادہ ہے۔ یہ بیان انہوں نے ترکیے کے دارالحکومت استنبول میں صدر رجب طیب اردوغان اور وزیر خارجہ حاکان فِدان کے ساتھ اعلی سطحی مذاکرات کے بعد دیا۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں عراقچی نے کہا کہ ایران ایک منصفانہ، متوازن اور باعزت جوہری معاہدے کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ اس میں دو شرائط پوری کی جائیں، پہلی یہ کہ ایران کے بارے میں یہ یقین دہانی کرائی جائے کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا، اور دوسری یہ کہ اس پر عائد تمام بین الاقوامی پابندیاں ختم کی جائیں۔
عراقچی نے کہا کہ ترکیے سمیت خطے کے کئی برادر ممالک امن اور استحکام کے لیے ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں، جس پر ایران ان کا شکر گزار ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران خطے کے ممالک کے ساتھ مل کر مغربی ایشیا کو غیر قانونی فوجی جارحیت سے بچاؤنے کے لیے پرعزم ہے۔ امریکہ کے ساتھ بڑھتے ہوئے تنا ؤ پر ردعمل دیتے ہوئے عراقچی نے واضح کیا کہ ایران مذاکرات کے خلاف نہیں ہے، لیکن دھمکیوں اور فوجی دباؤ کے سائے میں کوئی بات چیت ممکن نہیں۔
انہوں نے یہ بھی صاف کر دیا کہ ایران کی دفاعی اور میزائل صلاحیتیں کسی بھی مذاکرات کا حصہ نہیں ہوں گی۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے امکان سے انکار نہیں کیا ہے اور ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر ختم کرنے کی بات کی ہے۔ مسلسل بڑھتے ہوئے اس تناؤ نے پورے مغربی ایشیا کو ایک بار پھر جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔
 



Comments


Scroll to Top