بیجنگ: چین اور امریکہ کے درمیان ٹیرف کی جنگ میں عارضی جنگ بندی کے درمیان چین میں امریکہ کے نئے سفیر اور سابق سینیٹر ڈیوڈ پرڈیو جمعرات کو بیجنگ پہنچے ۔ پرڈیو نے X پر لکھا کہ چین میں امریکی سفیر کے طور پر صدر ٹرمپ کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے۔ میں یہاں کام کرنے اور امریکہ کو ایک محفوظ، مضبوط اور زیادہ خوشحال ملک بنانے کے لیے تیار ہوں۔
پرڈیو (75) ٹیکسٹائل کمپنیوں سے لے کر لاجسٹکس تک کی متعدد تنظیموں میں اعلی عہدوں پر بھی فائز رہے ہیں۔ ریپبلکن رہنما کے طور پر، وہ 2015 سے 2021 تک جارجیا کے قانون ساز رہے اور 2022 میں انہوں نے جارجیا کے گورنر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے کہا کہ چین پرڈیو کو یہاں اپنا کام کرنے کی اجازت دینے کے لیے سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے روزانہ کی نیوز بریفنگ میں کہا کہ ہم نے ہمیشہ چین امریکہ تعلقات کو باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور باہمی تعاون کے اصولوں پر دیکھا اور سنبھالا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ امریکہ بھی اس سمت میں چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ امریکہ نے ہفتے کے آخر میں چین کے ساتھ ایک دوسرے کی اشیا ء پر انتہائی زیادہ ٹیرف کم کرنے کا معاہدہ کیا۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اسے اپنی فتح قرار دیا ہے۔