واشنگٹن: امریکی ریاست ٹیکساس کی ہیرس کاؤنٹی میں دیوالی باضابطہ طور پر ایک بڑا جشن بن گیا ہے کیونکہ پہلی بار وہاں کے رہائشی 31 اکتوبر کو ہونے والے تہوار کے لیے قانونی طور پر پٹاخے خرید سکتے ہیں۔ ہیرس کاؤنٹی کمشنرز کورٹ نے ستمبر میں اس تبدیلی کی منظوری دی۔ اس سے قبل 2023 میں ریاست میں ایک قانون پاس کیا گیا تھا جس میں دیوالی کو آتش بازی کے لیے موزوں تعطیل قرار دیا گیا تھا۔ بہر حال، یہاں اب بھی کوئی عام تعطیل نہیں ہے لیکن پورے امریکہ میں کمیونٹیز دیوالی کا تہوار جوش و خروش سے منا رہی ہیں۔
گزشتہ ہفتے کے آخر میں، شری سیتا رام فاؤنڈیشن نے ٹیکساس کے روزنبرگ میں فورٹ بینڈ ایپی سینٹر میں 13ویں دیوالی-دسہرہ بین الاقوامی تقریب کا اہتمام کیا جس میں تقریبا 12,000 لوگوں نے شرکت کی۔ فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر ارون ورما نے کہا کہ دیوالی ہمارے لیے ایک تہوار سے زیادہ ہے۔ یہ 'واسودھائیو کٹمبکم' کو اپناتی ہے اور ہم اپنی مشترکہ انسانیت کا جشن منانے کے لیے سب کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
اس سال کے جشن نے عالمی اتحاد پر زور دیا، جس میں 200 سے زائد ممالک کی نمائندگی کرنے والے جھنڈے آویزاں کیے گئے اوریہودی، سکھ اور عیسائی گروپوں سمیت متنوع کمیونٹیز نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ دیوالی سے پہلے ہی ہیوسٹن میں زیورات کی دکانوں میں دھنتیرس پر سونا خریدنے کے خواہشمند صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس علاقے میں بہت سی ہندوستانی مٹھائی کی دکانیں لڈو سے لے کر برفی تک روایتی مٹھائیوں کے بڑے بڑے ڈبوں فروخت کر رہی ہیں۔