مرکزی وزیر ہر سمرت کور بادل نے کرتار پور صاحب گوردوارہ کی زیارت کو جانے والے ہندوستانی سکھ عقیدتمندوں سے سروس چارج کے طور پر 20 ڈالر وصول کرنے پر بضد رہنے کے لئے پاکستان کی مذمت کی ہے ۔انہوںنے کہا کہ پڑوسی ملک ' آستھا اور عقیدت کے نام پر کاروبار ' کر رہا ہے۔
ہر سمرت نے ٹویٹ کیا کہ' پاکستان کی جانب سے کرتار پور صاحب کی زیارت کے لئے جانے والوں سے فی شخص 20 ڈالر وصول کرنا گھٹیا پن ہے ۔ غریب عقیدتمند یہ کیسے یہ رقم دے گا ۔پاکستان نے آستھا کے نام پر کاروبار کیا ہے ۔پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا یہ بیان شرمنا ک ہے کہ یہ چارج پاکستان کی اقتصادی حالت کو مضبوط کر ے گا اور اس سے غیر ملکی کرنسی حاصل ہو گی ۔
اس سے پہلے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امیریندر سنگھ نے بھی 20 ڈالر مانگنے پر پاکستان کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تاریخی گوردوارے کی زیارت کے لئے ' ٹکٹ لگانے ' کے مترادف ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ مہینے میٹنگ کے تیسرے دور میں ہندوستان نے 20 ڈالر سروس چارج کے معاملے پر پاکستان کے مسلسل بضد رہنے پر مایوسی جتائی تھی اور پاکستان سے اس پر دوبارہ غور کرنے کے لئے کہا تھا ۔