National News

وزیر اعظم مودی، راہل اور پرینکا گاندھی نے ’پرکاش پرو‘ کے موقع پر گرو گوبند سنگھ جی کو خراجِ عقیدت پیش کیا

وزیر اعظم مودی، راہل اور پرینکا گاندھی نے ’پرکاش پرو‘ کے موقع پر گرو گوبند سنگھ جی کو خراجِ عقیدت پیش کیا

نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا نے ہفتہ کے روز ’پرکاش پورو‘ کے موقع پر سکھوں کے دسویں اور آخری گرو، گرو گوبند سنگھ جی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا، ”شری گرو گوبند سنگھ جی کے پوتر پرکاش اتسو کے موقع پر ہم انہیں عقیدت کے ساتھ نمن کرتے ہیں۔ وہ ہمت، ہمدردی اور قربانی کی علامت ہیں۔ دسویں سکھ گرو، شری گرو گوبند سنگھ جی ہندوستانی تاریخ میں اپنی خدمات کے لیے انتہائی قابلِ احترام ہیں۔ ان کی تعلیمات سچائی اور انصاف کے لیے کھڑے ہونے اور انسانی وقار کے تحفظ پر زور دیتی ہیں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ شری گرو گوبند سنگھ جی نے ہمیشہ خدمت اور بے لوث فرض کی ترغیب دی ہے۔ وزیر اعظم نے اس سال کے شروع میں اپنے دورہ ’تخت شری ہرمندر جی، پٹنہ صاحب‘ کی تصاویر بھی شیئر کیں، جہاں انہوں نے گرو گوبند سنگھ جی اور ماتا صاحب کور جی کے ’جوڑے صاحب‘ کےدرشن کیے تھے۔
راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر لکھا، ”آپ سب کو شری گرو گوبند سنگھ جی کے پرکاش پرو کی دلی مبارکباد! انسانی فلاح و بہبود، شجاعت اور سچائی کے لیے انہوں نے جو راستہ دکھایا ہے، وہ ہمیں ہمیشہ ترغیب دیتا رہے گا۔“
کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرہ نے گرو گوبند سنگھ جی کی مشہور نظم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ”سوا لاکھ سے ایک لڑاوں، چڑین تے میں باز تڑاوں، تبے گرو گوبند سنگھ نام کہاوں۔“(یعنی میں ایک کو سوا لاکھ سے لڑا دوں اور چڑیا سے باز کو ہرا دوں، تبھی میرا نام گرو گوبند سنگھ کہلائے)۔ انہوں نے کہا کہ خالصہ پنتھ کے بانی، جنہوں نے خدمت، محبت اور انسانیت کی تعلیم دی، ان کی قربانیاں اور تعلیمات ہمیشہ دنیا کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں ’پرکاش اتسو‘ گرو گوبند سنگھ جی کے یومِ پیدائش کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر گرودواروں کو سجایا جاتا ہے اور ’اکھنڈ پاٹھ‘ اور ’پربھات پھیری‘ جیسے مذہبی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔
اس سے قبل 26 دسمبر کو ’ویر بال دیوس‘ منایا گیا، جس میں گرو گوبند سنگھ جی کے صاحبزادوں، صاحبزادہ زورآور سنگھ اور صاحبزادہ فتح سنگھ کی شہادت کو یاد کیا گیا۔ وزیر اعظم مودی نے 9 جنوری 2022 کو اعلان کیا تھا کہ ہر سال 26 دسمبر کو ’ویر بال دیوس‘ کے طور پر منایا جائے گا تاکہ ان کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جا سکے۔



Comments


Scroll to Top