انٹرنیشنل ڈیسک: بھارت اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری کا اشارہ دیتے ہوئے چین نے بھارت کی کچھ کمپنیوں کو ریئر ارتھ منرلز کی درآمد کے لیے لائسنس جاری کیے ہیں۔ یہ قدم بھارت کے لیے بڑی راحت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ ان معدنیات کا استعمال برقی گاڑیوں، بیٹری اسٹوریج، دفاعی سازوسامان اور اعلیٰ تکنیکی صنعتوں میں ہوتا ہے۔ وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ چین سے نایاب زمینی مقناطیس (Rare Earth Magnets) کی درآمد کی اجازت کچھ بھارتی کمپنیوں کو دی گئی ہے۔ تاہم وزارت نے یہ واضح نہیں کیا کہ کن کمپنیوں کو لائسنس ملا ہے اور درآمد کی مقدار کتنی ہوگی۔
چین کا دباو اور عالمی اہمیت۔
دنیا بھر میں ریئر ارتھ منرلز کی پیداوار میں چین کا تقریباً 70 فیصد حصہ ہے۔ ان معدنیات کی عالمی سپلائی میں چین کا اہم کردار ہے، جس کی وجہ سے کئی ممالک، خاص طور پر بھارت، کو ان کی دستیابی کے لیے بیجنگ پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔
بھارت۔چین تعلقات میں مثبت اشارے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تناو¿ میں کچھ کمی دیکھی گئی ہے۔ ٹرمپ نے چین سے ٹیرف میں 10 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے اور چین نے سویا بین اور ریئر ارتھ سپلائی بڑھانے کا وعدہ کیا ہے۔
بھارت کے لیے یہ قدم نہ صرف صنعتی شعبے کے لیے راحت ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اعتماد کی بحالی کی سمت میں ایک بڑا قدم بھی مانا جا رہا ہے۔ حالیہ مہینوں میں بھارت اور چین کے درمیان تعلقات میں بہتری کے کئی اشارے ملے ہیں، جن میں کیلاش مانسروور یاترا دوبارہ شروع کرنا اور چینی شہریوں کے لیے سیاحتی ویزا جاری کرنا شامل ہے۔
پہلے لگائی گئی تھی برآمد پر پابندی۔
گزشتہ سال چین نے بھارت سمیت کئی ممالک کو کھاد اور ریئر ارتھ منرلز کی برآمد پر پابندی لگا دی تھی، جس سے نئی دہلی کو ان وسائل کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم جون میں چین نے کچھ ممالک کے لیے یہ پابندیاں ہٹا دیں، لیکن بھارت کو اس وقت رعایت نہیں دی گئی تھی۔ اب لائسنس جاری ہونے کے بعد بھارت کے لیے ان معدنیات کی سپلائی میں بہتری کی امید ہے۔
کیوں ضروری ہیں ریئر ارتھ منرلز۔
ریئر ارتھ منرلز جدید ٹیکنالوجی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ان کا استعمال برقی گاڑیوں، ڈرونز، موبائل چپس، ہوا کے ٹربائنز، اور بیٹری اسٹوریج سسٹمز میں ہوتا ہے۔ بھارت جیسے ترقی پذیر ملک کے لیے ان معدنیات کی مستحکم سپلائی صنعتی ترقی اور خود انحصاری (آتم نربھر بھارت) کی سمت میں اہم ہے۔