واشنگٹن: امریکی صحت کے نگرانوں نے بوٹاکس اور جھریوں کو کم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی دوسری دواؤں کے جعلی یا غیر مصدقہ ورژن بیچنے والی 18 ویب سائٹس کو بدھ کے روز انتباہی خط بھیجے ہیں۔ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے)نے کہا کہ وہ ان مصنوعات سے ہونے والے نقصان کی رپورٹیں ملنے کے بعد کارروائی کر رہا ہے، جن میں ان مصنوعات کے استعمال کے مضر اثرات بھی شامل ہیں۔ بوٹاکس دراصل بوٹولینم نامی دنیا کے سب سے زہریلے مادوں میں سے ایک کا مائع اور صاف شدہ روپ ہے۔
یہ عنصر عارضی طور پر اعصاب کے اشاروں کو روک دیتا ہے، جس سے پٹھوں کو آرام ملتا ہے۔ بوٹاکس کو سب سے زیادہ خوبصورتی کے مقاصد(کاسمیٹک استعمال)کے لیے جانا جاتا ہے، لیکن امریکہ میں اسے کئی طبی حالتوں جیسے پٹھوں کے کھچاؤ، آنکھوں کی خرابیوں اور مائیگرین کے علاج کے لیے بھی منظوری حاصل ہے۔ ایف ڈی اے کے مطابق، انتباہی خط زیادہ تر کاسمیٹک ویب سائٹس کو بھیجے گئے ہیں۔
ہر معاملے میں کمپنیاں غیر مجاز یا غلط لیبل والی بوٹاکس جیسی دوائیں بیچ رہی تھیں، جنہیں ایجنسی نے کبھی منظور نہیں کیا۔ بعض اوقات یہ زہریلا عنصر انجیکشن والی جگہ سے جسم کے دوسرے حصوں میں پھیل سکتا ہے، جس سے سانس لینے اور نگلنے کے لیے ضروری پٹھے کمزور یا مفلوج ہو سکتے ہیں۔ بدھ کو جاری ایک پریس ریلیز میں ایف ڈی اے نے کہا کہ مریضوں کو ایسی دوائیں صرف لائسنس یافتہ اور تربیت یافتہ صحت کے ماہرین سے ہی لینی چاہئیں۔