نیشنل ڈیسک: بہار کے شیخ پورہ ضلع میں منگل کی دوپہر ایک خوفناک سڑک حادثے میں آٹو رکشا میں سوار چھ مسافروں کی موت ہو گئی، جبکہ آٹھ دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ جانکاری پولیس نے دی۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں چار کی حالت سنگین بتائی گئی ہے، جنہیں بہتر علاج کے لیے پاوا پوری واقع وردھمان میڈیکل کالج اور ہسپتال کے لیے ریفر کیا گیا ہے۔
شیخ پورہ کے ٹریفک تھانہ کے تھانیدار سداشیو نے بتایا کہ حادثہ شیخ پورہ- جموئی قومی شاہراہ 333 اے پر منیانڈا موڑ کے پاس دوپہر تقریبا ایک بجے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتار سے آ رہے ایک ٹرک نے مخالف سمت سے آ رہے آٹو رکشا کو سیدھی ٹکر مار دی جس سے ٹیمپو پر سوار تمام چودہ لوگ زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوراً شیخ پورہ صدر ہسپتال لے جایا گیا، جہاں معالجوں نے پانچ لوگوں کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ ایک دوسرے کی موت علاج کے دوران ہو گئی۔ مرنے والوں کی شناخت بینگُچا گاؤں کے رہائشی راہل کمار، آشا دیوی، سرتی دیوی، نشا کماری، راجکمار ساو اور مہیش کمار کے طور پر کی گئی ہے۔
مرنے والوں میں نشا کماری کی عمر تقریبا دس برس ہے، جبکہ دیگر کی عمر پچیس سے پینتالیس برس کے درمیان بتائی گئی ہے۔ شدید زخمی چار لوگوں کو وردھمان میڈیکل کالج کے لیے ریفر کیا گیا ہے جن میں ٹیمپو ڈرائیور سمن کمار اور مسافر دیپک کمار، سشما دیوی اور پریانکا کماری شامل ہیں۔ باقی چار زخمیوں کا علاج صدر ہسپتال میں جاری ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ بتایا گیا کہ ٹیمپو میں سوار تمام مسافر چیواڑا پرکھنڈ کے چیواڑا اور کرنڈے تھانہ علاقوں کے مختلف گاؤں سے بازار کرنے کے لیے شیخ پورہ پہنچے تھے۔ پولیس ٹرک ڈرائیور کی تلاش میں مصروف ہے۔