National News

بافٹا 2026 میں ہندوستان کی دھوم : منی پور کی '' بوونگ'' نے جیتا بچوں کی بہترین فلم کا ایوارڈ

بافٹا 2026 میں ہندوستان کی دھوم : منی پور کی '' بوونگ'' نے جیتا بچوں کی بہترین فلم کا ایوارڈ

لندن: فرحان اختر کے ایکسل انٹرٹینمنٹ کی تیار کردہ منفرد انداز کی منی پوری پس منظر پر مبنی مزاحیہ ڈرامہ فلم ' بوونگ ' نے اتوار کو لندن میں بچوںکی بہترین اور خاندانی فلم کے زمرے میں باوقار 'بافٹا ' ایوارڈ جیت لیا۔ اس فلم کے ذریعے ہدایت کاری کے میدان میں پہلی بار قدم رکھنے والی لکشمی پریا دیوی نے ایوارڈ قبول کرتے ہوئے منی پور میں امن کے لیے جذباتی اپیل کی۔ انہیں یہ ایوارڈ  'پیڈنگٹن دی میوزیکل' کے مرکزی کردار پیڈنگٹن بیئر کے ہاتھوں ملا۔ اسٹیج پر ان کے ساتھ پروڈیوسر فرحان اختر، رتیش سدھوانی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر راہل شاردا موجود تھے۔

Manipuri-language film Boong won the prestigious Best Children's & Family Film award. Congratulations to the cast and crewhttps://t.co/CZ8YX82e2m

— Smita Prakash (@smitaprakash) February 23, 2026


دیوی نے کہا، یہاں تک پہنچنا اس پہاڑ کی چوٹی تک پہنچنے جیسا لگا جسے چڑھنے کے بارے میں ہمیں پہلے معلوم ہی نہیں تھا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ منی پور میں امن واپس آئے اور بے گھر بچوں، جن میں فلم کے کم عمر اداکار بھی شامل ہیں، کو دوبارہ ان کی خوشیاں ملیں اور وہ پھر سے خواب دیکھ سکیں۔ گوگُن کِپگین اور بالا ہِجام کی اداکاری سے سجی اس فلم نے  'لیلو اینڈ اسٹیچ' ،  'آرکو اور زوٹروپولس 2'  جیسی فلموں کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ برٹش اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی ویژن آرٹس یعنی بافٹا ایوارڈ کے 2026 ایڈیشن کا انعقاد دریائے ٹیمز کے کنارے رائل فیسٹیول ہال میں کیا گیا۔ بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے سینٹی مینٹل ویلیو کے لیے 'بیسٹ فلم ناٹ ان انگلش لینگویج '  کا ایوارڈ پیش کیا۔
انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز نمستے سے کرتے ہوئے کہا کہ سنیما کی اصل زبان جذبات ہوتے ہیں۔ تقریب میں لیونارڈو ڈی کیپریو کی اداکاری سے سجی فلم  'ون بیٹل آفٹر انادر'  نے سب سے زیادہ چھ ایوارڈ اپنے نام کیے۔ بافٹا کے صدر پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن بھی بطور مہمان خصوصی تقریب میں شریک ہوئے۔ بھوتوں پر مبنی فلم 'سنرز '  اور پراسرار ہارر فلم ' فرینکنسٹائن ' نے تین تین ایوارڈ جیتے۔ پال تھامس اینڈرسن کو  'ون بیٹل آفٹر انادر ' کے لیے بہترین ہدایت کار منتخب کیا گیا۔ جیسی بکلی نے 'ہیمنیٹ ' کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتا، جبکہ رابرٹ آرامایو کو ' آئی سوئیر ' کے لیے بہترین اداکار کا اعزاز ملا۔ انہوں نے لیونارڈو ڈی کیپریو اور ٹموتھی شیلامی جیسے اداکاروں کو پیچھے چھوڑ کر یہ ایوارڈ حاصل کیا۔
 



Comments


Scroll to Top