ماسکو: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے منگل کے روز روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی اور انہیں آئندہ ہونے والی سالانہ ہندوستان - روس سربراہ کانفرنس کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق، پوتن نے کریملن میں واقع سینیٹ پیلس کے نمائندہ دفتر میں جے شنکر سے ہاتھ ملایا اور ان کا استقبال کیا۔
جے شنکر نے سوشل میڈیا پر کہا، آج ماسکو میں روس کے صدر پوتن سے ملاقات کر کے بے حد فخر محسوس کر رہا ہوں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ان کو سلام پہنچایا۔ وزیر خارجہ نے کہا، انہیں آئندہ ہونے والی سالانہ ہندوستان - روس سربراہ کانفرنس کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ علاقائی اور عالمی حالات پر بھی بات چیت کی۔ ہمارے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ان کے نظریات اور رہنمائی کو بہت اہمیت دیتا ہوں۔
کریملن کی جانب سے جاری کیے گئے ویڈیو میں پوتن جے شنکر کا استقبال کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، ان کے ساتھ ہندوستانی سفیر ونئے کمار اور جوائنٹ سیکریٹری مینک سنگھ بھی موجود تھے۔ یہ ملاقات پوتن کے سال کے آخر میں مجوزہ ہندوستان دورے سے قبل ہوئی ہے۔ روسی صدر کے پانچ دسمبر کے آس پاس ہندوستان آنے کی امید ہے۔ جے شنکر نے پیر کو اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی تھی۔
اس سے پہلے، جے شنکر نے ایس سی او رکن ممالک کے وفود کے دیگر سربراہوں کے ساتھ صدر پوتن سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں روس کے وزیر اعظم میخائل میشوسٹِن، ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف، بیلاروس کے وزیر اعظم الیگزینڈر ترچِن، قازقستان کے اولجس بیکٹینوف، کرغیزستان کے ایڈِل بیک قاسملییف، تاجکستان کے کوخیر رسول زودا اور ازبکستان کے عبداللہ عریپوف کے ساتھ ساتھ پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور ایس سی او کے سیکریٹری جنرل نرلان یرمیقبایف بھی شامل تھے۔
جے شنکر نے ایس سی او(شنگھائی تعاون تنظیم)سے الگ کر منگولیا کے وزیر اعظم گومبوجاوِن زندن شتار اور قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے ایس سی او کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کی میزبانی کے لیے روس کے وزیر اعظم میشوسٹِن کا شکریہ ادا کیا اور ان کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔