واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کے روز دس ارب ڈالر کے ہرجانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بی بی سی کے خلاف مقدمہ دائر کیا، جس میں انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے پر ہتک عزت کے ساتھ ساتھ گمراہ کن اور غیر منصفانہ طریقے سے کاروبار کرنے کا الزام عائد کیا۔
بی بی سی کے خلاف دائر اس 33 صفحات پر مشتمل مقدمے میں ٹرمپ کی جھوٹی، ہتک آمیز، گمراہ کن، توہین آمیز، اشتعال انگیز اور بدنیتی پر مبنی تصویر کشی کرنے کا الزام لگایا گیا ہے، اور اسے 2024 کے امریکی صدارتی انتخاب میں مداخلت کرنے اور اسے متاثر کرنے کی ڈھٹائی پر مبنی کوشش قرار دیا گیا ہے۔
اس مقدمے میں بی بی سی پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ اس نے صدر ٹرمپ کی چھ جنوری 2021 کی تقریر کے دو بالکل مختلف حصوں کو آپس میں جوڑ دیا، تاکہ ٹرمپ کی کہی گئی باتوں کے مفہوم کو جان بوجھ کر غلط انداز میں پیش کیا جا سکے۔