National News

بھارت بمقابلہ انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل: ٹیم انڈیا انگلینڈ کو 7رن سے شکست دے کر فائنل میں پہنچی

بھارت بمقابلہ انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل: ٹیم انڈیا انگلینڈ کو 7رن سے شکست دے کر فائنل میں پہنچی

اسپورٹس ڈیسک: ٹیم انڈیا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 7 رنز سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں بھارتی بلے بازوں اور گیند بازوں دونوں نے بہترین کھیل دکھایا۔
میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد بھارتی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ بھارت کی اس بڑی اننگز میں سنجو سیمسن نے سب سے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 89 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ ان کی اننگز میں کئی شاندار چوکے اور چھکے شامل رہے، جس سے انگلینڈ کے گیند باز دباو میں آ گئے۔
253 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرنے اتری انگلینڈ کی ٹیم نے بھی زبردست جواب دیا۔ انگلینڈ کے بلے باز جیکب بیتھل نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 105 رنز کی بہترین سنچری اننگز کھیلی اور ٹیم کو جیت کے قریب لے آئے۔ تاہم آخری اووروں میں بھارتی گیند بازوں نے دباو بنا کر میچ کا رخ بدل دیا۔
بھارت کی طرف سے ہاردک پانڈیا نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ ارشدیپ سنگھ، جسپریت بمراہ، ورون چکرورتی اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ لے کر انگلینڈ کی بلے بازی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز ہی بنا سکی اور بھارت نے یہ مقابلہ 7 رنز سے جیت لیا۔ اس جیت کے ساتھ ٹیم انڈیا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میںاینٹری حاصل کر لی اور اب ٹائٹل جیتنے سے صرف ایک قدم دور ہے۔
پلےئنگ الیون۔
بھارت: ابھیشیک شرما، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ایشان کشن، سوریا کمار یادو (کپتان)، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوَم دوبے، اکشر پٹیل، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی، جسپریت بمراہ۔
انگلینڈ: فلپ سالٹ، جوس بٹلر (وکٹ کیپر)، ہیری بروک (کپتان)، جیکب بیتھل، ٹام بینٹن، سیم کرن، ول جیکس، جیمی اوورٹن، لیام ڈاسن، جوفرا آرچر، عادل رشید۔



Comments


Scroll to Top