Latest News

ایسے لگا زمین ہل گئی، ہم خوفزدہ ہیں۔۔۔ ایران- اسرائیل کشیدگی کے درمیان ہندوستانی طلباء نے لگائی مدد کی گُہار

ایسے لگا زمین ہل گئی، ہم خوفزدہ ہیں۔۔۔ ایران- اسرائیل کشیدگی کے درمیان ہندوستانی طلباء نے لگائی مدد کی گُہار

انٹرنیشنل ڈیسک: ایرانی دارالحکومت تہران کے قریبی علاقوں سمیت اہم فوجی اور جوہری مقامات کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد وہاں زیر تعلیم ہندوستانی طلباء  نے اپنی حکومت سے  انہیں نکالنے کی  اپیل کی ہے۔
تہران یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (TUMS) میں کشمیر سے تعلق رکھنے والی ایم بی بی ایس کے دوسرے سال کی طالبہ طبیہ زہرہ نے میڈیا کو بتایا، " ابھی صورتحال  پرسکون ہے اور ہم محفوظ ہیں، لیکن ہم خوفزدہ ہیں۔ حملہ صبح 3:30 بجے کے قریب شروع ہوا اور ہم نے زمین کو ہلتے ہوئے محسوس کیا۔ یہ ایک تشویشناک تجربہ تھا۔زہرہ نے کہا کہ یونیورسٹی کے حکام نے طلبا ء سے ملاقات کی اور انہیں پرسکون رہنے کا مشورہ دیا، لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کون سے علاقے محفوظ ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں غیر یقینی صورتحال  اور کچھ علاقوں میں انٹرنیٹ کی خرابی کی وجہ سے  محدود مواصلاتی رسائی کا حوالہ دیتے ہوئے  ہندوستانی حکومت سے انہیں وہاں سے نکالنے کا انتظام کرنے کی اپیل کی ہے ۔ 
اتر پردیش کے اعظم گڑھ سے تعلق رکھنے والی ایک اور طالبہ علیشا رضوی نے کہا کہ سفارت خانے نے ہم سے ہنگامی مقاصد کے لیے اپنے مقامی پتے اور رابطے کی تفصیلات ای میل کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  وہاں نکلنے کی ضرورت پڑنے پر وہ ڈیٹا اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دونوں طالب علم ساڑھے پانچ سالہ ایم بی بی ایس پروگرام کے دوسرے سال میں ہیں۔ یہ لوگ 2023 میں تہران گئے تھے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ حملوں کے بعد تہران کی فضائی حدود بند کر دی گئی تھی اور امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازیں معطل کر دی گئی تھیں۔
ایران میں کشیدگی جمعرات کی دیر رات اس وقت بڑھ گئی جب اسرائیل نے ایران کے متعدد مقامات کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے شروع کیے، جس میں نتانز میں تہران کی اہم جوہری افزودگی کی تنصیب، ایک ریڈار اسٹیشن اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کی جگہ بھی شامل  تھیں۔ کچھ متاثرہ علاقوں سے سیاہ دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا اور تہران اور مغربی ایران کے دیگر حصوں میں دھماکوں کی اطلاع ملی۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے بعد میں تصدیق کی کہ ان حملوں میں ایرانی جوہری اور فوجی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران نے بھی جوابی کارروائی کی۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت  تہران کی اعلی قیادت نے اسرائیل کو سخت سزا دینے کی وارننگ دی ہے ۔ 
جموں و کشمیر سٹوڈنٹس یونین نے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کو ایک خط لکھا ہے جس میں ہندوستانی طلبا ء بالخصوص جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایران میں زیر تعلیم طلبا کی مدد کے لیے ان سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔ خط میں، یونین نے ابھرتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بہت سے ہندوستانی طلباء  اسٹریٹجک مقامات کے قریب واقع یونیورسٹیوں میں داخلہ لئے ہوئے ہیں۔ جموں و کشمیر سٹوڈنٹس یونین کے قومی کنوینر ناصر خہمی نے کہا کہ بہت سے طلبا ء نے ہوائی حملے کے سائرن سننے اور جھٹکے محسوس کرنے کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں طلباء  اور ان کے اہل خانہ کی جانب سے مدد کی درخواست کرنے کے لیے کال موصول ہو رہی ہیں۔ ہم حکومت سے تیار رہنے کی درخواست کرتے ہیں اور اگر نکالنا ناگزیر ہو جاتا ہے  تو ضروری اقدامات کریں۔
 



Comments


Scroll to Top