نیشنل ڈیسک: کرکٹ کی دنیا سے ایک نہایت چونکا دینے والی خبر سامنے آئی ہے۔ ایک سابق کرکٹر پر جنسی ہراسانی اور دو خواتین کو نشہ آور چیز پلا نے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ لندن کے ایک پب میں پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ اس خبر سے کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ آئیے جانتے ہیں پورا معاملہ کیا ہے-
کیا ہے پورا معاملہ؟
یہ واقعہ 22 مئی کو لندن کے علاقے چیلسی میں واقع "The Boundary" نامی ایک پب میں پیش آیا۔ یہ پب انگلینڈ کے کئی مشہور کرکٹ کھلاڑیوں کی شراکت داری میں چل رہا ہے، جن میں: برینڈن میک کلم ، جوس بٹلر ،ایون مورگن ،سیم بلنگز، جیسے معروف کھلاڑی شامل ہیں۔
الزام ہے کہ اس پب میں دو خواتین کو ان کی ڈرنکس میں نشہ آور مواد ملا کر پلایا گیا، اور ان میں سے ایک خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی بھی کی گئی۔ پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، اور یہ معاملہ میڈیا اور عوامی سطح پر شدید تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔
پولیس کی کارروائی اور تفتیش
لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے اخبار کو اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جون میں اس معاملے میں ایک 40 سالہ شخص سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ ابھی تک اس معاملے میں کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب انگلش کرکٹ پہلے ہی ایسے معاملات سے نبرد آزما ہے۔
ECB پر سوالا ت
اس واقعے نے انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) پر بھی سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ECB کو اس معاملے کی پہلے سے اطلاع تھی، لیکن انہوں نے اس پر کوئی عوامی بیان نہیں دیا۔ ECB کی خاموشی پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں، کیونکہ پچھلے کچھ برسوں میں انگلش کرکٹ میں جنسی بدسلوکی کے کئی معاملات سامنے آ چکے ہیں۔ ایک سابق کاؤنٹی کوچ اور ایک پروفیشنل کوچ پر بھی اسی قسم کے الزامات لگ چکے ہیں، جس کے بعد انہیں کھیل سے معطل کر دیا گیا تھا۔
ڈرگ اسپائکنگ کیا ہوتا ہے؟
ڈرگ اسپائکنگ کا مطلب ہے کسی شخص کے مشروب (جیسے پانی، شراب، جوس)میں اس کی اطلاع یا اجازت کے بغیر کوئی نشہ آور یا ذہنی کیفیت کو متاثر کرنے والا مادہ ملانا۔ ایسا اکثر کسی شخص کو بے ہوش کرنے، اس پر قابو پانے یا اس کا جنسی استحصال کرنے کے مقصد سے کیا جاتا ہے۔