Latest News

کانگریس نے ایمر جنسی '' تھوپ کر '' آئین کا گلا دبانے کا کام کیا : سی ایم یوگی

کانگریس نے ایمر جنسی '' تھوپ کر '' آئین کا گلا دبانے کا کام کیا : سی ایم یوگی

لکھنؤ:  اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو اسمبلی میں کہا کہ جب قومی ترانے  'وندے ماترم'  کی صد سالہ تقریبات کا موقع آیا تو کانگریس نے ملک کے اندر ایمرجنسی نافذ کر کے آئین کا گلا گھونٹنے کا کام کیا۔ یوگی نے سرمائی اجلاس کے دوسرے دن ایوان میں  'وندے ماترم ' پر بحث کی شروعات کرتے ہوئے کہا کہ وندے ماترم کا احترام صرف ایک جذباتی اظہار نہیں بلکہ اپنے آئینی اقدار کے تئیں قومی فرائض کا احساس بھی ہم سب کو کراتا ہے۔
ہندوستانیوں کو ملیں اذیتیں
انہوں نے کہا کہ یہ قوم کی روح، جدوجہد اور عزم کی بھی علامت ہے۔ جب وندے ماترم اپنی پچیسویں سالگرہ منا رہا تھا تب ملک میں برطانوی حکومت تھی۔ یوگی نے کہا کہ وندے ماترم کی تخلیق اس وقت ہوئی تھی جب ہندوستان کی پہلی جنگ آزادی کے بعد بوکھلائی ہوئی برطانوی حکومت ظلم و ستم کی انتہا پر پہنچ گئی تھی اور ہندوستانیوں کو اذیتیں دی جا رہی تھیں۔ انہو ںنے  کہا کہ اس وقت ملک کی آزادی کی لڑائی کو آگے بڑھانے کا پلیٹ فارم کانگریس تھی اور 1896 میں پہلی بار کانگریس کے اجلاس میں رابندر ناتھ ٹیگور نے اسے اپنی آواز دی تھی اور یہ پورے ملک کے لیے ایک منتر بن گیا تھا۔
وندے ماترم کے 150 سال پورے ہونے پر پی ایم مودی کے شکر گزار
انہوں نے کہا کہ لیکن جب وندے ماترم کی صد سالہ تقریبات کا موقع آیا تو جس کانگریس کے پلیٹ فارم سے پہلی بار وندے ماترم کا گیت گایا گیا تھا، اسی کانگریس نے ملک کے اندر1975  میں ایمرجنسی نافذ کر کے آئین کا گلا دبانے کا کام کیا۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ایک بھارت شریشٹھ بھارت کا حقیقت بنتے تصور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج وندے ماترم کے ایک سو پچاس سال مکمل ہو رہے ہیں تو وزیر اعظم نریندر مودی کے شکر گزار ہیں، جن کی قیادت میں  ہندوستان پورے اعتماد کے ساتھ ایک ترقی یافتہ  ہندوستان  کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم وندے ماترم کی بات کرتے ہیں تو یہ ہم سب کے لیے صرف ایک گیت نہیں بلکہ یہ ہمارے ملک کے اندر آزادی کی جدوجہد کی شعور، اس کا اعلان اور ہندوستان  کے انقلابیوں کے تئیں سچی وابستگی کی علامت ہے۔
 



Comments


Scroll to Top