نیو یارک: امریکہ میں بھارت کے سفیر ونئے موہن کواترا نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایک امریکی مواصلاتی سیٹلائٹ کی کامیاب لانچ واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان شراکت داری کے لیے ایک نہایت اہم اور تاریخی لمحہ ہے، اور یہ سال دو ہزار پچیس میں دو طرفہ خلائی تعاون کے دوران حاصل ہونے والی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ کواترا نے ایک انٹرویو میں کہا کہ خلاء کے شعبے میں بھارت اور امریکہ کی شراکت داری کے لیے آج واقعی ایک بہت اہم دن ہے۔
انہوں نے کہا، یہ ہمارے خلائی انجینئروں اور ہمارے خلائی سائنس دانوں کے لیے بڑا دن ہے۔ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خود کفالت کے وژن کے مطابق ایک بڑا دن ہے۔ یہ بھارت اور امریکہ کے تعاون کے لیے بڑا دن ہے۔ میرا خیال ہے کہ کم از کم اس شعبے میں تو ہم سال دو ہزار پچیس کا اس سے بہتر اختتام نہیں کر سکتے تھے، اور اگلے سال مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی مکمل تیاری ہے۔ بھارتی خلائی تحقیقاتی تنظیم اسرو نے ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے سب سے بھاری راکٹ ایل وی ایم تھری ایم سکس سے بدھ کے روز امریکی تجارتی مواصلاتی سیٹلائٹ بلیوبرڈ سکس بلاک ٹو کو درست طریقے سے اس کے مقررہ مدار میں کامیابی کے ساتھ نصب کیا۔
کواترا نے کہا، آج کی اس منفرد کامیابی سے ہم نے جو حاصل کیا وہ دو ہزار پچیس میں دونوں ممالک کے درمیان خلائی تعاون میں حاصل ہونے والی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ کواترا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے صنعت اور سرکاری محکموں کو خود کفالت کی سمت آگے بڑھنے کی ترغیب دی ہے۔ انہوں نے کہا، یہ خلائی شعبے میں بڑھتی ہوئی خود کفالت کی ایک واضح مثال ہے۔ خود کفالت کو ہمیں ایک اسٹریٹجک نقط نظر سے دیکھنا چاہیے، نہ کہ اسے صرف ایک سادہ تجارتی لین دین سمجھنا چاہیے۔