Latest News

بنگلہ دیش میں یونس حکومت کی کارروائی: ''آپریشن ڈیول ہنٹ - 2'' تیز ،24 گھنٹوں میں 663 افراد گرفتار

بنگلہ دیش میں یونس حکومت کی کارروائی: ''آپریشن ڈیول ہنٹ - 2'' تیز ،24 گھنٹوں میں 663 افراد گرفتار

ڈھاکہ : بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کی قیادت میں جاری نا م نہاد  'آپریشن ڈیول ہنٹ2 '  اب امن و امان سے زیادہ سیاسی جبر کی علامت بنتا جا رہا ہے۔ پولیس نے محض چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر سے 663  افراد کی گرفتاری کا دعوی کیا ہے، جبکہ نو غیر قانونی ہتھیار برآمد ہونے کی بات بھی کہی گئی ہے۔ بنگلہ دیش پولیس ہیڈکوارٹر کے مطابق یہ کارروائی غیر قانونی ہتھیاروں کی برآمدگی اور امن و امان کی بحالی کے نام پر کی جا رہی ہے۔ لیکن مقامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس مہم کا اصل نشانہ سابق حکمران عوامی لیگ اور حکومت کے ناقدین ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فروری2026 کے انتخابات سے پہلے ماحول کو قابو میں رکھنے کے بہانے حزب اختلاف کو کچلنے کی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ 'پرتھم آلو '  اور دیگر میڈیا اداروں نے بتایا ہے کہ فروری میں شروع ہونے والے پہلے مرحلے سے اب تک گیارہ ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں بڑی تعداد عوامی لیگ کے حامیوں کی شامل ہے۔ پولیس نے دعوی کیا کہ اس مہم کے تحت ہزاروں گاڑیوں کی تلاشی لی گئی اور سینکڑوں موٹر سائیکلیں ضبط کی گئیں۔ لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ سب عوام میں خوف پیدا کرنے اور احتجاجی آوازوں کو دبانے کا ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔
عوامی لیگ نے یونس حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اقتدار پر قابض غیر قانونی حکمران ملک کو افراتفری اور ہجوم کے تشدد کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ قتل، زیادتی، لوٹ مار اور تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، لیکن حکومت جواب دہی سے بچ رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق جس انداز سے پولیس کارروائیوں کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے، اس سے بنگلہ دیش میں جمہوریت اور منصفانہ انتخابات کے امکانات پر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔
 



Comments


Scroll to Top