بدایوں: اتر پردیش کے ضلع بدایوں کے تھانہ اسلام نگر علاقے کے محلہ مصطفی آباد نئی بستی میں جمعہ کے روز مسجد سے نماز پڑھ کر واپس لوٹ رہے ایک نوجوان کو تین نوجوانوں نے زندہ جلانے کی کوشش کی۔ پولیس نے یہ جانکاری دی۔ پولیس کے مطابق نوجوان آگ سے تقریبا 70 فیصد سے زیادہ جھلس گیا ہے۔ موقع پر پہنچی پولیس نے نوجوان کو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا، جہاں سے حالت نازک دیکھتے ہوئے اسے اعلی طبی مرکز کے لیے ریفر کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ اسلام نگر علاقے کے محلہ مصطفی آباد نئی بستی کا رہائشی محبوب (20) جمعہ کے روز سہسوان روڈ پر واقع مسجد میں نماز پڑھ کر لوٹ رہا تھا۔ ایک دن پہلے نماز کے دوران اس کی تین ملزمان سے کسی بات پر کہا سنی ہو گئی تھی، لیکن اس دوران وہاں موجود لوگوں نے دونوں فریقوں کے درمیان صلح کرا دی اور معاملہ ختم کرایا۔ آج جمعے کی نماز کے بعد محبوب اپنے گھر لوٹ رہا تھا، جب وہ کچھ فاصلے پر پہنچا تو تینوں ملزمان نے اسے پکڑ لیا اور محبوب کو رسیوں سے بجلی کے کھمبے سے باندھ کر پہلے بری طرح پیٹا۔ اس کے بعد اس پر پٹرول ڈال کر زندہ آگ لگا دی گئی۔
آگ سے رسی جل گئی، اس سے وہ آزاد ہو گیا اور چیخ و پکار کرتے ہوئے گھر پہنچ گیا۔ تاہم تب تک وہ 70 فیصد جل چکا تھا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ دیہی ہرادیش کمار کٹھیریا کے مطابق تنازع کی کوئی اطلاع نوجوان نے پولیس کو نہیں دی تھی اور نہ ہی نوجوان کے اہل خانہ نے پولیس کو کوئی تحریر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تفتیش اور آس پاس کے لوگوں سے پوچھ گچھ میں یہ پایا گیا کہ نوجوان محبوب نے خود ایک پٹرول پمپ سے بوتل میں پٹرول خریدا تھا اور واقعہ بھی اسی وقت کے آس پاس کا ہے۔ ان کے مطابق معاملہ مشکوک ہے۔ تفتیش کے لیے پٹرول پمپ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی گئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔