کالیا گنج:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے منگلوار کو کہا کہ بنگلہ دیش سے آئے وہ سبھی لوگ جو چنائو میں ووٹ کر رہے ہیں وہ ہندوستانی شہری ہیں اور انہیں نئے سرے سے شہریت کے لئے درخواست دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ بینرجی نے دہلی میں ہوئے فرقہ وارانہ فساد سے نپٹنے کے مودی حکومت کے طر یقے کی مذمت کی اور کہا کہ وہ مغربی بنگال کو دوسری دہلی نہیں بنانے دینگے۔
انہوں نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش سے آئے لوگ ہندوستان کے شہری ہیں ،ان کے پاس شہریت ہے ۔ آپ کو شہریت کی پھر سے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہے ۔آپ چنائو میں ووٹ دے کر وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ چن رہے ہیں اور اب وہ کہہ رہے ہیں کہ آپ شہری نہیں ہیں۔ان کا یقین مت کیجئے ۔
بینر جی نے زور دے کر کہا کہ وہ ایک آدمی کو بھی بنگال سے باہر نہیں نکالنے دینگی۔انہوںنے کہا کہ صوبے میںرہ رہے کسی بھی پناہ گزین کو شہریت سے محروم نہیں رکھا جائے گا ۔ دہلی تشدد کے مدعے پر مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھولئے مت کہ یہ بنگال ہے ، جو کچھ بھی دہلی میں ہوا ، اسے یہاں نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ ہم نہیں چاہتے کہ بنگال ایک اور دہلی یا ایک اور اتر پردیش بنے ۔ بھاجپا ممتاپر مسلمانوں کو راضی کرنے اور ووٹ بنک کی سیاست کرنے کا الزام لگاتی رہی ہے۔