Latest News

بی جے پی کے اقتدار میں روز بڑھتا جارہا ہے جرائم کا گراف : اکھلیش یادو

بی جے پی کے اقتدار میں روز بڑھتا جارہا ہے جرائم کا گراف : اکھلیش یادو

لکھنؤ:سماجوادی پارٹی (ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کے اقتدار میں جرائم کا گراف روز بروز بڑھتا جارہا ہے۔مسٹر یادو نے جمعہ کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ پولیس کمشنرسسٹم کے نفاذ کے بعد بھی راجدھانی لکھنؤ میں لگاتار قتل کی وارداتیں  پیش آرہی ہیں۔ نظم ونسق کا حال برا ہے۔ قتل،لوٹ،عصمت دری کے واقعات دل کو روزانہ دہلاتے ہیں۔ خواتین اور بچیوں کی زندگی خطرے میں ہے ان کے ساتھ عصمت دری اور قتل جیسے واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ بی جے پی اقتدار میں جرائم کا گراف بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لکھنؤ میں دن دہاڑے دو قتل کی وارداتوں سے لوگ سہمے ہوئے ہیں۔ گومتی نگر میں کار سے نکال کر سب کے سامنے ایک شخص کو چاقو مار کر بہیمانہ قتل کردیا گیا۔ لکھنؤ کے چوک میں ایک ایجنسی کے ملازم کی لوٹ کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔پولیس گشت،پی آر وی اور تھانہ چوکیوں کے درمیان سے مجرم بے فکر ہوکر فرار ہوجاتے ہیں۔
مسٹر یادو نے کہا کہ گونڈہ میں کھیت کی رکھوالی کرنے گئے شخص کا گلا کاٹ دیا جاتا ہے۔ ایودھیا میں ضلع پنچایت رکن کے بیٹی کو چاقو مار دیا۔اور طمنچہ لہرا کر دہشت پھیلاتے ہیں۔بہرائچ کے قیصر گنج میں بدمعاش بنک سے نکلتے وقت ایک شخص کے روپئے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ راجدھانی لکھنؤ میں پولیس کمشنر سسٹم بھی ابھی تک کوئی بھی کرشمہ نہیں کر پایا ہے۔ اترپردیش کی گورنر نے تو اسمبلی میں حکومت کی تعریف کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی ہے۔
 



Comments


Scroll to Top