ممبئی: بالی ووڈ اسٹار ابھیشیک بچن اور ایشوریہ بچن کی بیٹی آرادھیا بچن سب سے زیادہ چرچت اسٹار بچوں میںسے ایک ہیں۔ دوسرے اسٹار بچوں کی طرح، آرادھیا کو شاذ و نادر ہی اکیلے دیکھا جاتا ہے۔ تاہم، وہ اکثر کسی نہ کسی تقریب میں ماں ایشوریہ رائے کے ساتھ نظر آتی ہیں۔ حال ہی میں،عیش اور آرادھیا نے ایک بار پھر دہلی ہائی کورٹ میں ایک نئی درخواست دائر کی ہے۔

اس عرضی میں آرادھیا نے درخواست کی کہ ان کی صحت کے حوالے سے مختلف ویب سائٹس پر شائع ہونے والی جعلی اور گمراہ کن معلومات اب بھی کئی پورٹلز پر موجود ہیں، جنہیں جلد از جلد ہٹایا جانا چاہیے۔ عدالت نے درخواست پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔ نئی درخواست پر دہلی ہائی کورٹ نے گوگل، بالی ووڈ ٹائم اور دیگر ویب سائٹس کو نوٹس بھیجا ہے۔ اس کیس کی اگلی سماعت 17 مارچ کو ہوگی۔

کیا ہے پورا معاملہ
امیتابھ بچن کی پوتی آرادھیا بچن نے اپریل 2023 میں اپنے والد ابھیشیک بچن کی مدد سے عدالت میں کیس دائر کیا تھا۔ عدالت میں درج کیس میں آرادھیا کے جعلی ویڈیو اور یوٹیوب پر وائرل ہونے والی معلومات کے بارے میں شکایت کی گئی تھی۔ ایک عبوری حکم کے ذریعے، ہائی کورٹ نے یوٹیوب کو آرادھیا کی صحت سے متعلق جعلی ویڈیوز اور گمراہ کن معلومات کو روکنے کا حکم دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے گوگل کو بھی اس کیس سے متعلق ویڈیو کو فوری طور پر غیر فعال کرنے کا حکم دیا تھا۔