لاس اینجلس: امریکی تاریخ کی ممکنہ طور پر سب سے بڑی جیولری چوری میں ملوث سات مشتبہ افراد کی شناخت کر لی گئی ہے، جن میں سے دو کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ایک پہلے ہی جیل میں ہے۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔ حکام نے بتایا کہ سات افراد کو لاس اینجلس میں ایک بکتر بند ٹرک کا پیچھا کرنے اور 100 ملین ڈالر مالیت کے ہیرے، پنّے (زمرد ) اور دیگر قیمتی پتھروں کی چوری میں ملوث ہونے والے سات لوگوں کی شناخت کرلی گئی ہے اور ان کے خلاف الزامات لگائے گئے ہیں ۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق سات مشتبہ افراد میں سے دو کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور انہیں لاس اینجلس کی وفاقی عدالت میں پیش ہونا ہے۔ ملزمان میں سے چار مفرور ہیں جبکہ ایک مشتبہ ڈکیتی کی دوسری واردات میں ایریزونا میں قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ حکام نے بتایا کہ پابلو راؤل لوگو لاریوگ اور جیسن نیلن پریسیلا فلورس کو پیر کو گرفتار کیا گیا تھا اور دونوں کو وفاقی چوری اور سازش کے الزامات کا سامنا ہے۔
فرد جرم کے مطابق، ملزمان نے جولائی 2022 میں سان فرانسسکو کے قریب ایک بین الاقوامی جیولری شو سے زیورات کے 73 تھیلے لے جانے والے بکتر بند ٹرک کا تقریبا 300 میل تک پیچھا کیا اور بعد میں ٹرک سے 24 بیگ لے کر فرار ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ بیگ میں سونا، یاقوت اور مہنگی گھڑیاں بھی تھیں۔ کیلیفورنیا میں امریکی اٹارنی کے دفتر نے منگل کو ایک نیوز ریلیز میں کہا کہ کچھ زیورات برآمد کر لیے گئے ہیں۔