انٹرنیشنل ڈیسک: امریکہ کی ریاست مسی سیپی کے ایک دیہی علاقے میں24 سالہ نوجوان نے تین مختلف مقامات پر 6 افراد کو قتل کر دیا۔ مقتولین میں اس کا والد، بھائی، دو رشتہ دار، ایک گرجا گھر کا پادری اور پادری کا بھائی شامل ہیں۔ ملزم ڈاریکا ایم مور کو جمعہ کی رات تقریباً بارہ بجے سے کچھ پہلے سیڈر بلف میں ایک پولیس ناکے پر گرفتار کیا گیا۔ اس سے قبل مقامی، ریاستی اور وفاقی اداروں کے درجنوں اہلکار شمال مشرقی مسیسیپی کے علاقے میں تعینات کر دیے گئے تھے۔ امکان ہے کہ مور کو پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
کلی کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی اسکاٹ کولم نے کہا ہے کہ وہ سزائے موت کا مطالبہ کریں گے۔ کلی کاؤنٹی کے شیرف ایڈی اسکاٹ نے کہا کہ شواہد اور گواہوں سے واضح ہے کہ مور اکیلا حملہ آور تھا اور کسی دوسرے کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ تفتیش کار اس وقت اس سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں، تاہم حملے کے پیچھے محرکات ابھی واضح نہیں ہو سکے ہیں۔ تفتیش کاروں کے مطابق، مور نے جمعہ کے روز سب سے پہلے مغربی کلی کاؤنٹی میں اپنے خاندان کے ایک عارضی مکان میں اپنے والد گلین مور (67 )، بھائی کوئنٹن مور(33 ) سال اور ایک رشتہ دار ولی ایڈ گائنس (55 ) سال کو قتل کیا۔
اس کے بعد وہ اپنے بھائی کا ٹرک لے کر ایک رشتہ دار کے گھر گیا، جہاں اس نے زبردستی داخل ہو کر جنسی جرم کی کوشش کی اور سات سالہ بچی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ بعد ازاں وہ ایک چھوٹے سے چرچ پہنچا، جہاں اس نے پادری بیری بریڈلی اور ان کے بھائی سیموئل بریڈلی کو قتل کر دیا۔ چار گھنٹے سے زیادہ وقت گزرنے کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔