Latest News

احمد آباد ہوائی اڈے پر 20 پروازیں منسوخ، کئی مسافر دبئی اور ابو ظہبی میں پھنسے

احمد آباد ہوائی اڈے پر 20 پروازیں منسوخ، کئی مسافر دبئی اور ابو ظہبی میں پھنسے

 نیشنل ڈیسک : ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائی کے پیش نظر اتوار کو احمد آباد سے مغربی ایشیا کے ملکوں کے لئے آنے اور جانے والی 20 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ حکام نے یہ جانکاری دی۔ ایک رکن پارلیمنٹ اور ایک رکن اسمبلی کے مطابق وڈودرا، احمد آباد اور گجرات کے دیگر حصوں سے آنے والے کئی مسافر اس وقت دبئی، ابو ظہبی اور سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔
ایک افسر نے بتایا کہ احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے سے دبئی، کویت، ابو ظہبی، جدہ، دوحہ، بغداد اور شارجہ جانے والی پروازیں اور وہاں سے آنے والی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو پرواز منسوخ ہونے کی اطلاع دے دی گئی ہے اور ہوائی اڈے پر کوئی بھیڑ بھاڑ نہیں ہے۔ دستیاب معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے رکن پارلیمنٹ ہیمنگ جوشی نے کہا کہ وڈودرا کے کم از کم 45  مسافر دبئی اور ابو ظہبی میں پھنسے ہوئے ہیں۔
کانگریس کے رکن اسمبلی عمران کھیڑاوالا نے کہا کہ احمد آباد کے کئی لوگ، جن میں ان کے نمائندگی والے جمال پور کھاڈیا حلقے کے لوگ بھی شامل ہیں، سعودی ہوائی اڈے پر پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے مدد کی اپیل کی۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ اسرائیل ایران کشیدگی کے درمیان احمد آباد، گجرات اور جمال پور کھاڈیا حلقے کے کئی لوگ سعودی ہوائی اڈے پر پھنسے ہوئے ہیں۔ ہر  ہندوستانی  شہری کی سلامتی ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔ میں حکومت ہند سے گزارش کرتا ہوں کہ ہمارے لوگوں کی حفاظت کے لئے فوری اور سرگرم قدم اٹھائے جائیں۔
 



Comments


Scroll to Top