انٹرنیشنل ڈیسک: جرمنی کے شہر ہیمبرگ کے مصروف مرکزی ریلوے اسٹیشن پر چاقو کے حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ افسران نے یہ جانکاری فراہم کی ۔ حکام نے بتایا کہ اس معاملے میں ایک خاتون کو ملزم کے طور پر گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے اسٹیشن کے پلیٹ فارم 13 اور 14 پر موجود لوگوں کو نشانہ بنایا۔
جرمنی کے دوسرے سب سے بڑے شہر ہیمبرگ کے مرکزی علاقے میں واقع یہ اسٹیشن مقامی، علاقائی اور لمبی دوری کی ٹرینوں کا ایک بڑا مرکز ہے۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق، ہیمبرگ فائر سروس نے کہا کہ چھ افراد کو جان لیوا زخم آئے، جبکہ تین دیگر شدید زخمی اور تین کو معمولی زخم آئے۔ تاہم، پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'X' پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ابھی تک کوئی "حتمی اعداد و شمار" نہیں ہیں لیکن "بہت سے" لوگ شدید زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ایک 39 سالہ خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مانا جارہا ہے کہ اس نے یہ واقعہ اکیلے ہی انجام دیا ہے۔ تاہم فوری طور پر حملے کے پیچھے محرکات معلوم نہیں ہو سکے۔ علاقائی پبلک براڈکاسٹر NDR نے بتایا کہ حملہ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے کے بعد ایک کھڑی ٹرین کے سامنے ہوا۔ حملے کے بعد پلیٹ فارم پر تیز رفتار ICE ٹرین کے دروازے کھلے دیکھے جا سکتے تھے۔