Latest News

اٹلی میں لینڈ سلائیڈنگ سے نوزائیدہ سمیت 7 لوگوں کی موت، پانچ لاپتہ

اٹلی میں لینڈ سلائیڈنگ سے نوزائیدہ سمیت 7 لوگوں کی موت، پانچ لاپتہ

انٹرنیشنل ڈیسک: اٹلی کے اسچیا جزیرے پر لینڈ سلائیڈنگ سے نومولود بچے سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبی سات لاشوں کو نکالا جن میں تین ہفتے کا بچہ بھی شامل ہے۔ حکام نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ نیپلز کے پریفیکٹ نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کی صبح  کاسا مکی اولا (Casamacciola )میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پانچ افراد لاپتہ ہیں، جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ سے عمارتیں منہدم ہوگئیں اور سمندر کے کنارے کھڑی گاڑیاں بہہ گئیں۔
دیگر متاثرین کی شناخت نومولود کے والدین، ایک پانچ سالہ بچی اور اس کے 11 سالہ بھائی، جزیرے پر رہنے والے ایک 31 سالہ شخص اور بلغاریائی سیاح کے طور پر ہوئی ہے۔ اطالوی فائر ڈپارٹمنٹ کے ترجمان لوکا کیری نے RAI کے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ہر طرف کیچڑ اور پانی ہے۔ ہماری ٹیمیں امید کے ساتھ تلاش کر رہی ہیں، حالانکہ یہ بہت مشکل ہے۔
چھوٹے بلڈوزر نے  پہلے بچاؤ گاڑیوں کو باہر نکلنے کے لئے سڑکوں کو صاف کیا، جبکہ  غوطہ خوری کے عملے کو ان کاروں کی تفتیش کے لیے تعینات کیا گیا جو سمندر میں بہہ گئی تھیں۔پڑوسی قصبے لاکو امینو کے میئر گیاکومو پاسکے  نے RAI کو بتایا کہ  ہم دکھی دل کے ساتھ تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ لاپتہ ہونے والوں میں نابالغ بھی ہیں۔  ۔ نیپلز کے پریفیکٹ کلاڈیو پالومبا نے اتوار کے روز کہا کہ 30 گھر زیر آب آ گئے ہیں اور 200 سے زیادہ لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ پانچ افراد زخمی ہوئے۔
 



Comments


Scroll to Top