National News

ہائی کمشنر دنیش پٹنائیک کا دعویٰ : ہندوستان - کینیڈ کے درمیان سکیورٹی معاہدے کا '' شاندار ایکشن پلان '' تیار

ہائی کمشنر دنیش پٹنائیک کا دعویٰ : ہندوستان - کینیڈ کے درمیان سکیورٹی معاہدے کا '' شاندار ایکشن پلان '' تیار

انٹرنیشنل ڈیسک: کینیڈا میں ہندوستان  کے ہائی کمشنر دنیش پٹنائیک نے ہندوستان  اور کینیڈا کے درمیان حالیہ سکیورٹی تعاون کے معاہدے کو شاندار ایکشن پلان قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک جامع اور عملی روڈ میپ تیار کیا ہے۔ یہ معاہدہ اس وقت شکل میں آیا جب ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے کینیڈا کا دورہ کیا اور اپنی ہم منصب نیتھالی ڈروئن (Nathalie Drouin)  اور کینیڈا کے پبلک سیفٹی وزیر گیری آنندسنگری سے تفصیلی بات چیت کی۔ دونوں ممالک نے قانون نافذ کرنے اور قومی سلامتی کے امور پر مشترکہ ورک پلان پر اتفاق کیا۔
کن امور پر ہوگا تعاون؟
ہائی کمشنر پٹنائیک کے مطابق یہ تعاون کئی اہم شعبوں کا احاطہ کرے گا۔

  • فینٹانائل اور اس کے پیش خیمہ کی اسمگلنگ۔
  • بین الاقوامی منظم جرائم۔
  • پرتشدد انتہا پسندی۔
  • غیر قانونی امیگریشن اور فراڈ۔
  • سائبر جرائم اور سائبر سکیورٹی۔

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق دونوں ممالک رابطہ افسران مقرر کریں گے جس سے دوطرفہ رابطہ اور بروقت معلومات کے تبادلے میں آسانی ہوگی۔ دونوں ممالک نے سائبر سکیورٹی پالیسی اور معلومات کے تبادلے کو باضابطہ بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ اس کے ساتھ گھریلو قوانین اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق امیگریشن کے نفاذ اور دھوکہ دہی کے معاملات میں تعاون جاری رہے گا۔ دنیش پٹنائیک نے کہا کہ ہندوستان اور کینیڈا تکمیلی معیشتیں ہیں۔ کینیڈا کے پاس توانائی، زراعت، کھاد اور اہم معدنیات جیسے وسائل موجود ہیں جو ہندوستان کی سپلائی چین کو متنوع بنانے کی حکمت عملی کے لیے اہم ہیں۔
کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی 26فروری کو ہندوستان کے دورے پر آئیں گے۔ ان کی ملاقات وزیر اعظم نریندر مودی سے ہوگی۔ اس دورے میں ثقافتی، دفاع، ایرو اسپیس، خلائی، توانائی، اہم معدنیات، تعلیم اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہونے کا امکان ہے۔ حالیہ کشیدگی کے بعد اس معاہدے کو دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم اور مثبت سمت دینے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اگر مشترکہ ایکشن پلان مؤثر طریقے سے نافذ ہوا تو بھارت اور کینیڈا کے درمیان سکیورٹی اور معاشی تعاون نئی بلندیوں تک پہنچ سکتا ہے۔
 



Comments


Scroll to Top