Latest News

سی اے اے  کے خلاف قرارداد منظور کرنے والی مغربی بنگال بنی چوتھی ریاست

سی اے اے  کے خلاف قرارداد منظور کرنے والی مغربی بنگال بنی چوتھی ریاست

کولکتہ: مغربی بنگال اسمبلی نے پیر کو شہریت ترمیمی ایکٹ ( سی اے اے ) کے خلاف  قرارداد منظور کر دی۔اس سے پہلے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اپوزیشن سی پی ایم اور کانگرس سے سیاسی اختلافات کو درکنار کرتے ہوئے مرکز میں بی جے پی حکومت کے خلاف مل کر لڑنے کا اعلان کیا۔بنرجی نے  قرار دادپر اسمبلی میں اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ این پی آر، این آر سی اور سی اے اے  آپس میں جڑے ہوئے ہیں اور نیا شہریت قانون عوام مخالف ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ قانون کو فوری واپس لیا جانا چاہئے۔بنرجی نے کہا کہ ' سی اے اے  عوام مخالف ہے، آئین مخالف ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ اس قانون کو فوراًواپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 'کانگرس اور لیفٹ فرنٹ کو ان کی حکومت کے خلاف افواہ پھیلانا بند کرنا چاہئے۔ وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو بھلا کر ملک کو بچانے کے لئے مل کر جدوجہد کریں۔
وزیر اعظم  نریندر مودی سے اپنی ملاقات پر کانگرس اور سی پی ایم کی تنقید کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 'بہن - مودی ایک ہی سکے کے دو پہلو ہیں والا نعرہ اپوزیشن جماعتوں پر ہی بھاری پڑے گا۔ انہوں نے کہا، 'ہماری حکومت میں دہلی میں این پی آر کی میٹنگ میں شامل نہیں ہونے کی ہمت ہے اور اگر بی جے پی چاہے تو میری حکومت کو برخاست کر سکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے جواب کے بعد ایوان نے قرارداد منظور کی۔ اس کے ساتھ سی اے اے  کے خلاف قرار داد منظورکرنے والی مغربی بنگال چوتھی ریاست بن گئی ہے ۔  اس سے پہلے کیرل ، پنجاب، اور راجستھان بھی قرار داد منظور کر چکی ہیں۔
 



Comments


Scroll to Top