National News

بابر اعظم ایک بار پھر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر

بابر اعظم ایک بار پھر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر

 اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کو دوبارہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کردیا۔ پی سی بی کی جانب سے 'ایکس‘ پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کی متفقہ تجویز کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بابر اعظم کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) کپتان مقرر کر دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی نے بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کی پیشکش کی تھی جبکہ مایہ ناز بلے باز نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

بابر اعظم ایک بار پھر پاکستانی ٹیم کے کپتان مقرر

ڈان‘ نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی بابر اعظم کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان بنانا چاہتا تھا تاہم بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی قیادت کا مطالبہ کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید بات چیت کے لیے پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے کاکول جاکر بابر اعظم سے ملاقات کا فیصلہ کیا۔ دوسری جانب ذرائع نے موجودہ ٹی 20 کپتان شاہین آفریدی سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ وہ کپتان کی تبدیلی کی خبروں سے ناخوش ہیں۔ یاد رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد 15 نومبر 2023 میں بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس سے استعفیٰ دےدیا تھا، استعفے کے بعد پی سی بی نے ٹی 20 ٹیم کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقرر کیا تھا۔

بابر اعظم کو ایک بار پھر قومی ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا

تاہم 25 مارچ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان ایک بار پھر تبدیل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں اور آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کے لیے شاہین آفریدی کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ بابر اعظم نے ورلڈکپ سمیت 71 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی ہے، وہ 52 ٹیسٹ، 117 ون ڈے، 109 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ 
 



Comments


Scroll to Top