National News

خوشیوں نے ماتم کا روپ دھار لیا، شادی سے چند گھنٹے پہلے دلہن کی موت

خوشیوں نے ماتم کا روپ دھار لیا، شادی سے چند گھنٹے پہلے دلہن کی موت

فریدکوٹ: ضلع کے گاوں برگاڑی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ جہاں ایک خاندان اپنی بیٹی کی شادی کی تیاریاں میں مصروف تھا لیکن تقدیر کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ شادی سے صرف ایک دن پہلے ہی لڑکی کو دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہو گئی۔ موصولہ معلومات کے مطابق مرحومہ لڑکی کا نام پوجا تھا جو برگاڑی گاوں کی رہائشی تھی۔ اس کا رشتہ قریبی گاوں راوکے کے ایک نوجوان سے طے ہوا تھا، جو بیرون ملک رہتا ہے۔ لڑکے کے بیرون ملک ہونے کے سبب دونوں خاندانوں نے کچھ وقت پہلے ہی ویڈیو کال کے ذریعے دونوں کی منگنی کر دی تھی۔
شادی کی تاریخ طے ہونے کے بعد دونوں خاندانوں کی جانب سے بڑے شوق سے تیاریاں کی گئیں۔ شادی سے ایک دن پہلے لڑکی کے گھر جاگو پروگرام کے دوران پوجا نے اپنے رشتے داروں کے ساتھ خوب بھنگڑا ڈالا لیکن خوشیوں کے ان لمحوں نے کچھ ہی وقت میں سوگ کا روپ دھار لیا۔ رات تقریباً دو بجے پوجا کے ناک سے اچانک خون بہنا شروع ہو گیا۔ اسے فوری طور پر ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ خاندان پر دکھوں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا اور پورے گاوں میں ماتم کا ماحول چھا گیا۔ شادی کے لیے تیار لڑکی کی آخری رسومات بھی اسی شادی کے سوٹ میں ادا کی گئیں۔ یہ غمگین لمحہ دیکھ کر ہر کسی کی آنکھیں بھر آئیں۔
مرحومہ لڑکی کے والد اور لڑکے کے بھائی نے بتایا کہ رشتہ طے ہونے کے بعد دونوں خاندانوں میں بہت خوشی تھی اور شادی کی تمام تیاریاں مکمل ہو چکی تھیں لیکن شادی کی آمد سے ایک رات پہلے ہی پوجا کو دل کا دورہ پڑا، جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ اس دردناک واقعے کے سبب گاوں برگاڑی اور آس پاس کے علاقوں میں سوگ چھا گیا ہے۔



Comments


Scroll to Top