National News

ڈبل انجن سرکار کی 12,000 ٹرینوں کی پول کھل گئی: راہل گاندھی

ڈبل انجن سرکار کی 12,000 ٹرینوں کی پول کھل گئی: راہل گاندھی

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ ریلوے وزیر نے تہواروں کے موسم میں 12,000 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا تھا، مگر کھچا کھچ بھری اور انسانیت سوز سفر نے ڈبل انجن سرکار کے دعووں کی پول کھول دی ہے مسٹر گاندھی نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بہار کے لوگوں کے لیے تہواروں کے موقع پر گھر لوٹنا ،گھر، اہل خانہ اور گاوں سے قربت کا اظہار ہے، لیکن ان کے لیے اب اپنے گھر پہنچنا ایک بڑا امتحان بن گیا ہے۔ بہار جانے والی ہر ٹرین میں گنجائش سے دوگنا مسافر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ گھر جانے کا یہ سفر اب دشوار کن بن چکا ہے اور 12,000 خصوصی ٹرینیں چلانے کے ڈبل انجن سرکار کے دعوے کھوکھلے ثابت ہو رہے ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا، ”دیوالی، بھائی دوج اور چھٹھ، یہ تہواروں کا مہینہ ہے۔ بہار میں ان تہواروں کا مطلب صرف عقیدت نہیں بلکہ گھر لوٹنے کی خواہش، مٹی کی خوشبو، اہل خانہ کی محبت اور گاوں کی قربت ہے، مگر یہ خواہش اب جدوجہد بن چکی ہے۔ بہار جانے والی ٹرینیں کھچا کھچ بھری ہوئی ہیں، ٹکٹ حاصل کرنا ناممکن ہے اور سفر دشوار کن ہو گیا ہے۔ کئی ٹرینوں میں گنجائش سے 200 فیصد زیادہ مسافر ہیں، لوگ دروازوں اور چھتوں تک پر لٹکے ہوئے سفر کر رہے ہیں۔ ڈبل انجن سرکار کے تمام دعوے کھوکھلے ہیں۔“
راہل گاندھی نے حکومت سے سوال کیا کہ ”کہاں ہیں وہ 12,000 خصوصی ٹرینیں؟ کیوں حالات ہر سال بدتر ہوتے جا رہے ہیں؟ کیوں بہار کے لوگ ہر سال ایسے ذلت آمیز حالات میں گھر جانے پر مجبور ہیں؟ اگر ریاست میں روزگار اور باعزت زندگی کے مواقع ہوتے، تو انہیں ہزاروں کلومیٹر دور بھٹکنا نہ پڑتا۔ یہ لوگ صرف مجبور مسافر نہیں بلکہ این ڈی اے حکومت کی دھوکے باز پالیسیوں اور نیت کا زندہ ثبوت ہیں۔“
 



Comments


Scroll to Top