نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سے شروع ہونے والے چار روزہ چھٹھ کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سادگی اور تحمل کا یہ تہوار سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی ترغیب دیتا ہے مسٹر مودی نے ہفتے کو’ایکس‘پرایک پوسٹ میں لکھا، ”چار روزہ چھٹھ تہوار کا آغاز آج سے نہائے- کھائے کی پوتر رسم کے ساتھ ہو رہا ہے۔بہار سمیت ملک بھر کے عقیدت مندوں کو میری جانب سے دلی مبارکباد! تمام ورتیوں کو میرا سلام اور احترام!“
وزیر اعظم نے کہا کہ ”ہماری ثقافت کا یہ عظیم الشان تہوار سادگی اور تحمل کی علامت ہے، جس کی پاکیزگی اور نظم و ضبط کی پاسداری بے مثال ہے۔ اس مقدس موقع پر چھٹھ گھاٹوں پر جو منظر دکھائی دیتا ہے ا±س میں خاندانی اور سماجی ہم آہنگی کے لیے ایک شاندار تحریک ہوتی ہے۔ چھٹھ کی قدیم روایت کا ہمارے معاشرے پر گہرا اثر رہا ہے۔ “
دنیا کے کونے کونے میں چھٹھ کو ثقافتی مہوتسو کے طور پر منائے جانے کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ پوری دنیا میں رہنے والےہندوستانی نڑادکنبے اس کی روایات میں پوری عقیدت اور محبت کے ساتھ شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا،”میری دعا ہے کہ چھٹھی مَئیہ سب کو اپنا بھرپور آشیرواد دیں!“
مسٹر مودی نے کہا کہ چھٹھ مہا پرو عقیدت، عبادت اور فطرت سے محبت کا ایک انوکھا امتزاج ہے۔ اس میں جہاں غروب اور طلوع ہوتے سورج کو ارگھیہ پیش کیا جاتا ہے، وہیں پرساد میں بھی فطرت کے مختلف رنگ شامل ہوتے ہیں۔ چھٹھ پوجا کے گیت اور د±ھنیں بھی عقیدت اور فطرت کی حسین جھلک پیش کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا،”میرخوش نصیبی ہے کہ کل ہی مجھے بیگوسرائے جانے کا موقع ملا۔ بہار کوکِلا شاردا سنہا جی کا بیگوسرائے سے گہرا تعلق رہا ہے۔ شاردا سنہا جی اور بہار کے کئی لوک فنکاروں نے اپنے گیتوں کے ذریعے چھٹھ کے تہوار کو ایک منفرد روحانی رنگ سے جوڑا ہے۔“
مسٹر مودی نے اپنی پوسٹ کے ساتھ چھٹھی مَئیہ کے چند روایتی گیت بھی شیئر کیے اور کہا کہ انہیں سن کر ہر کوئی مسحور ہو جاتا ہے۔
اسی موقع پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی چھٹھ مہوتسو کے آغاز ”نہائے-کھائے“ پر عوام کو نیک خواہشات پیش کی ہیں اور اس روایت، عقیدت اور سماجی ہم آہنگی کے جشن پر چھٹھی مَئیہ سے سب کی خوشحالی اور ترقی کی پرارتھناکی ہے۔