نیشنل ڈیسک: مرکزی وزیر داخلہ مت شاہ نے جمعرات کو پہلگام حملے میں ملوث ہر دہشت گرد کو تلاش کرنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ اس گھناونے فعل کے لیے ان سب کا احتساب کیا جائے گا۔ شاہ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کسی دہشت گرد کو نہیں بخشے گی۔ انہوں نے یہ بات یہاں آسام کی بوڈو برادری کے سرکردہ رہنما اوپیندر ناتھ برہما کے مجسمے کی نقاب کشائی اور ایک سڑک کا نام رکھنے کے سلسلے میں منعقد ایک تقریب میں کہی۔
وزیر داخلہ نے کہا جس نے بھی پہلگام میں یہ بزدلانہ حملہ کیا ہے، ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔ ہم ہر مجرم کا پتہ لگائیں گے۔" وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی حکومت دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، اگر کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اس طرح کے بزدلانہ حملے سے بچ جائیں گے تو وہ غلط ہیں۔ یہ نریندر مودی کی حکومت ہے۔ ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔" شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت کی جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس خطرے کو مکمل طور پر ختم نہیں کر دیا جاتا۔
انہوںنے کہایہ مت سمجھو کہ تم نے 26 لوگوں کو مار کر جیت لیا ہے، تم میں سے ہر ایک کا احتساب ہو گا۔" اس تقریب میں آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما، دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور بوڈولینڈ علاقائی کونسل کے چیف ایگزیکٹو ممبر پرمود بورو سمیت دیگر نے شرکت کی۔ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے ایک مشہور سیاحتی شہر پہلگام کے قریب بیسران میں 22 اپریل کو عسکریت پسندوں کی فائرنگ میں 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ان میں زیادہ تر سیاح تھے۔