دبئی: پاکستان اورہندوستان کے درمیان ہونے والے اس عظیم میچ میں ایک پاکستانی مداح کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس نے میچ کے درمیان میں اپنی جرسی تبدیل کر لی۔ شروع میں اس نے پاکستان کی جرسی پہنی تھی لیکن جیسے ہی پاکستان کی شکست یقینی نظر آئی اس نے چپکے سے ہندوستان کی جرسی پہن لی۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہونے والے اس میچ میں شائقین کرکٹ کو دلچسپ مقابلے کی توقع تھی لیکن یہ میچ مکمل طور پر یکطرفہ ثابت ہوا۔ ہندوستان نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا کر انہیں کراری شکست دی۔ شکست کے بعد پاکستانی شائقین دل شکستہ تھے اور اسٹیڈیم میں مایوس چہروں اور سوشل میڈیا پر ردعمل کا سیلاب صاف دکھ رہا تھا ۔
https://x.com/Anshulydv02/status/1893849986644791551?ref_src=twsrc%5Etfw
دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 241 رنز بنائے تاہم ہندوستان نے یہ ہدف 42.3 اوورز میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ وراٹ کوہلی کی شاندار سنچری اور شبھمن گل اور شریس ائر کی شاندار اننگز نے پاکستان کی واپسی کی امیدیں ختم کر دیں۔ ہندوستان کے بالرز نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کلدیپ یادو نے 3 جبکہ ہاردک پانڈیا نے 2 وکٹیں لے کر پاکستان کو 241 رنز پر روک دیا۔
اس شکست کے بعد پاکستان کا سیمی فائنل تک پہنچنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔ پاکستان جو پہلے ہی دو میچ ہار چکا ہے اب اسے بقیہ میچز بڑے فرق سے جیتنا ہوں گے۔ اس کے ساتھ اسے دوسری ٹیموں کی کارکردگی پر بھی انحصار کرنا پڑے گا۔ ریاضی ( حساب وکتاب )کے لحاظ سے، تمام امیدیں ختم نہیں ہوئی ہیں، لیکن حالات اتنے سازگار نہیں لگ رہے ہیں۔ اس میچ کے بعد پاکستانی مداح کا اپنی جرسی تبدیل کرنے کا واقعہ سوشل میڈیا پر کافی چرچا میں آگیا اور اس پر کئی مضحکہ خیز ردعمل دیکھنے کو مل رہے ہیں۔